اپر چترال میں گلیشیائی سیلاب، زمینی رابطہ منقطع

اپر چترال میں گلیشیائی پگھلا کے باعث آنے والے شدید سیلاب نے یارخون وادی کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے تقریباً 50 ہزار افراد کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، جبکہ متعدد علاقوں میں گھروں، باغات اور دیگراملاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ صورتحال کے پیشِ نظر انتظامیہ نے مختلف شاہراہیں بند کر دی ہیں اور متاثرہ عوام فوری امدادی کارروائیوں اور متبادل راستوں کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اپر چترال میں گلیشیائی پگھلا کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یارخون کے علاقے بانگ گول میں اچانک سیلاب آنے سے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھروں، باغات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا اور کئی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

شدید سیلاب کے باعث بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل بھی دریا برد ہوگیا، پل بہہ جانے کے بعد یارخون کی تقریباً 50 ہزار آبادی کا واحد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جس سے یارخون ویلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

انتظامیہ کے مطابق مستوج، بروغل روڈ بھی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علاقے کے عوام نے متعلقہ حکام، حکومتِ خیبر پختونخوا اور فلاحی تنظیموں سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے، متبادل راستے بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔