راولپنڈی:چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایران کے سابق سپریم لیڈر خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایرانی وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور دیگر اعلی سول و عسکری حکام نے تہران ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ ایران روانہ ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ دیگر اہم حکومتی اور سیاسی شخصیات بھی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایران پہنچ چکی ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی اور اس سلسلے میں ان کا جسدِ خاکی تہران کے ثقافتی مرکزخمینی مصلی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے آنے والے وفود اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہیں۔
ایرانی دارالحکومت تہران میں نمازِ جنازہ کے بعد جسدِ خاکی کو تہران سے قم، پھر نجف اور بعد ازاں کربلا منتقل کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تہران میں حملے کے دوران سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے کمپانڈ کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کی اور دیگر اہم شخصیات جاں بحق ہوئی تھی۔

