آزادکشمیر کے تاجروں،ٹرانسپورٹرز کاپیر سے کاروبار شروع کرنے کا اعلان

مظفرآباد:آزادکشمیر کے تاجر اور ٹرانسپورٹ رہنمائوں نے29 جون سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر اور ٹرانسپورٹ رہنمائوں نے کہا کہ جب تک عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم نہیں ہوئی تھی ہم اس کے ساتھ تھے، اب نہیں ہیں، ہم پاک فوج، پاکستان کے عوام اور حکومت کے خلاف نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے جو ساتھ دیا ہم نہیں بھول سکتے۔انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے یہ کون لوگ ہیں؟ ہم ان کے ساتھ نہیں، 12 سیٹوں کا معاملہ آئینی ہے، یہ ہمارا کبھی مسئلہ نہیں رہا، اب بھی وقت ہے صبح کا بھولا شام کو گھر آجائے توکوئی بات نہیں اب بھی وقت ہے وہ واپس آجائیں۔

تاجر رہنما گوہر کشمیری کا کہنا تھا کہ 29 جون کو تمام تاجر اپنے کاروبار شروع کریں۔دوسری جانب آزاد کشمیر میں معمولات زندگی کہیں مکمل طور پر اور کہیں جزوی طور پر بحال ہے۔مظفرآباد شہر میں میڈیکل اسٹور، سبزی فروٹ کی دکانیں اوربیکری کھلی ہے جبکہ میرپور، بھمبر اور نیلم کے علاقے آٹھ مقام میں کاروباری مراکز جزوی طورپرکھلے ہیں۔