افغانستان واپس جانے والے حادثے کا شکار،18جاں بحق

کابل:افغانستان میں ایک ٹریفک حادثے میں ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں10بچے سمیت 18 افغانی جاں بحق ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ ہفتے کے روز مشرقی افغانستان میں ایک ٹرک الٹ گیا جس میں10بچوں سمیت18 افراد سوار تھے۔صوبہ لغمان کے گورنر کے ترجمان عبدالمالک نیازی کے مطابق ٹرک پاکستان سے واپس آنے والے افغان خاندانوں کو لے کر جا رہا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ18 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں 10 بچے، پانچ خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔حادثہ مشرقی افغانستان میں جلال آباد اور دارالحکومت کابل کے درمیان سڑک پر پیش آیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں مہلک ٹریفک حادثات عام ہیں جس کی وجہ کئی دہائیوں کے تنازعات کے بعد سڑکوں کی خراب حالت، خطرناک ڈرائیونگ اور ضابطے کی کمی ہے۔