وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقی اور خوش حالی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا چین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی اور یہ ہم سب کے لیے اطمینان اور فخر کی بات ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک-چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے خوشی کے اس موقع پر چینی قیادت صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی اور اپنے چینی بھائی بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں، 75 سال پہلے ہمارے بانیان نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی سفارتی تعلقات کی بنیاد رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حٓصل ہے کہ ہم پہلا مسلمان ملک تھے جس نے چین کو تسلیم کیا اور ہم دنیا کے چند اولین ممالک میں سے ایک تھے، اس کے بعد ہم نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اپنی باہمی کاوشوں، جدوجہد اور سب سے بڑھ کر خلوص نیت کے ذریعے ہم نے ایسے تعلقات استوار کیے جو دنیا میں بے مثال ہیں اور درحقیقت منفرد ہیں۔

