آخر انٹرنیٹ راؤٹر کی سبز روشنیاں جلتی بجھتی کیوں رہتی ہیں؟

جب بھی آپ گھر میں راؤٹر کو کسی جگہ لگاتے ہیں، اب وہ کوئی میز ہو، دیوار یا کوئی بھی جگہ، اس ڈیوائز کی روشنیاں ضرور جلتی بجھتی نظر آتی ہیں۔

یقیناً یہ روشنیاں آپ کو بتاتی ہیں کہ راؤٹر آن ہے، اس کا کنکشن ایکٹیو ہے اور ٹھیک کام کر رہا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ان کے جلنے بجھنے کا عمل اتفاقیہ نہیں ہوتا بلکہ ایک مخصوص عمل کے مطابق ہوتا ہے۔

اگر آپ کو معلوم ہے کہ آپ کیا دیکھ رہے ہیں تو نیٹ ورک کے بارے میں بھی سب کچھ جان سکتے ہیں۔

ہر راؤٹر مختلف ہوتا ہے اور ہر کمپنی کا ڈیزائن مخصوص ہوتا ہے اور پروگرامنگ پہلے سے فکس ہوتی ہے۔

آسان الفاظ میں ضروری نہیں کہ ہر راؤٹر ایک جیسے انداز سے کام کرتا ہو، اس کے لیے ڈیوائس کے مینوئل کو پڑھنا چاہیے یا کمپنی کی ویب سائٹ پر تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔

مگر زیادہ تر راؤٹرز ایک جیسے اصولوں پر کام کرتے ہیں، مثال کے طور پر جب ایک راؤٹر کو آن کیا جاتا ہے تو مخصوص لائٹس سست روی اور مستحکم انداز سے جلتی بجھتی ہیں جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ڈیوائس نیٹ ورک کنکشن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

جب کنکشن قائم ہو جاتا ہے تو یہ عمل رک جاتا ہے، تو روشنیاں جلنے بجھنے اور ان کے رنگ سے آپ کو پتا چلتا ہے کہ راؤٹر فعال ہے یا خرابی کی صورت میں آپ کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

تو یہ روشنیاں کیا بتاتی ہیں؟

راؤٹرز پر سبز روشنیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ایک روشنی کے جلنے بجھنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ راؤٹر کنکشن استعمال ہو رہا ہے اور نیٹ ورک ٹریفک استعمال ہو رہا ہے۔

کچھ راؤٹرز میں صرف سبز روشنی کا استعمال ہوتا ہے جبکہ کچھ ڈیوائسز کی روشنیوں کے رنگ بدلتے ہیں۔

سفید رنگ کا مطلب سبز  رنگ جیسا ہی ہوتا ہے، سرخ یا نارنجی رنگ مسائل یا کنکشن کی ناکامی کا عندیہ دیتا ہے جبکہ پیلا رنگ لوڈنگ یا پراسیسنگ کی نشانی ہوتا ہے۔

اگر نیلا رنگ نظر آئے تو بلیو ٹوتھ کنکشن ایکٹیو ہونے کا عندیہ دیتا ہے۔

اگر سست روی مگر مستحکم انداز سے روشنیاں جل بجھ رہی ہیں یا کئی بار عارضی طور پر روشنیاں جلنے بجھنے کی بجائے صرف روشنی نظر آرہی ہیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ کوئی پراسیس چل رہا ہے، جیسے راؤٹر کنکشن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اگر روشنیاں تیزی سے جل بجھ رہی ہیں تو ایسا اکثر ڈیٹا ٹرانسمیشن اور ٹریفک کی وجہ سے ہوتا ہے۔