چاغی میں غیرملکی سمیت نجی کمپنی کے 10ملازم قتل

کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب واقع علاقے دریگون میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں نجی کمپنی کے10ملازم جاں بحق جبکہ5زخمی ہو گئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملہ دالبندین سے شمال مغرب کی جانب پاک افغان سرحد کے قریب پیش آیا جہاں این آر ایل کمپنی تانبہ اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی۔مسلح افراد نے شام تقریباً ً6 بجے اچانک حملہ کیا جس کے دوران فائرنگ کے ساتھ ساتھ تیل کے ذخیرے کو بھی آگ لگا دی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دالبندین کے پرنس فہد اسپتال میں اب تک10لاشیں منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ5زخمی افراد زیرِ علاج ہیں۔جاں بحق افراد میں ایک غیر ملکی جس کا تعلق ترکی سے بتایا جا رہا ہے بھی شامل ہے جبکہ دو مقامی حفاظتی اہلکاروں کا تعلق دالبندین سے ہے۔

دیگر افراد کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے جبکہ 4افراد فائرنگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے۔واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سرکاری حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی آپریشن مکمل ہونے تک مزید تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔