Chrome Book

ٹیک ویلی وفد کی پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری قائم کرنے کی پیشکش

ٹیک ویلی کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری قائم کرنے کی پیشکش کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق صوبے میں کروم بک (لیپ ٹاپس) کی تیاری کے لیے فیکٹری لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات میں گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی۔ ملاقات کے دوران یہ بھی طے پایا کہ کروم بکس میں تین اہم سافٹ ویئرز انسٹال کیے جائیں گے، جن میں طلبہ کے لیے “اے آئی جیمِنی” آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹول کِٹ، انگریزی سیکھنے کے لیے “ریڈ اَلانگ”، اور تخلیقی تعلیم کے لیے “کینوا” شامل ہوں گے۔

وفد کی قیادت گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیوِن کالیس نے کی، جبکہ ٹیک ویلی کے سی ای او عمر فاروق بھی شریک تھے۔

گوگل فار ایجوکیشن کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی وژنری قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، خاص طور پر بچیوں کی جدید آئی ٹی تعلیم کے فروغ کے لیے ان کا ویژن انتہائی متاثر کن ہے۔

بریفنگ میں وفد نے بتایا کہ گوگل فار ایجوکیشن نے پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے دو ہزار سے زائد اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کی ہے، جبکہ مزید اساتذہ اور طلبہ کے لیے آئی ٹی تربیت کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔