پی ڈی ایم اے کی مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی، سیلابی علاقوں میں متاثرین کی مشکلات برقرار

لاہور،پشاور،کراچی ،بہاولپور (خبر ایجنسیاں ) پی ڈی ایم اے کی 7 اکتوبر تک خیبرپختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ، اوچ شریف کے سیلابی علاقوں میں متاثرین کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، موٹروے 5 بیسویں روز بھی بند ہے۔زمینی راستے بحال نہ ہونے سے متاثرین پانی سے گزرنے لگے، متاثرین آمد و رفت کیلئے ڈرم کی کشتی کا استعمال کرنے پر مجبورہیں۔
چک کہل کی 27 بستیاں اور 2350 ایکڑ رقبہ پر فصلیں مکمل طور پر سیلابی پانی سے متاثر ہیں۔ چک کہل میں تاحال سروے کا عمل شروع نہیں ہوسکا، مکانات منہدم ہونے سے متاثرین اپنے ہی گھروں میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، مویشیوں کا چارہ نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیلاب متاثرین نے نقصانات کا سروے شروع کرنے اور راستے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری طرف جلالپور پیر والا میں سیلابی ریلے سے نقصان پہنچنے پر موٹروے ایم 5 بیسویں روز بھی بند ہے، سیلابی پانی موٹروے کے دونوں طرف موجود ہے تاہم انٹرچینج سے پانی اتر گیا۔ سیلابی پانی کی سطح مزید کم ہوگئی ہے تاہم لودھراں روڈ، پرمٹ روڈ بحال نہ ہوسکے، متعدد نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی کی صورتحال برقرار ہے۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )نے 7 اکتوبر تک خیبرپختونخوا اور پنجاب میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوائیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال،جہلم اور منڈی بہائو الدین میں بارش کاامکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گجرات،گوجرانوالہ،حافظ آباد اور وزیر آباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کاامکان ہے۔ترجمان کے مطابق 6 اکتوبر تک ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ اور ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جب کہ بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، رحیم یار خان، مری اور راولپنڈی میں بارش سے دریائوں وندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جس کے پیش نظر بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز میں سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔