لاہور، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون، لاکھوں من گندم ضبط

لاہور : پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران 2 لاکھ 91 ہزارمن سے زائد گندم ضبط کرلی گئی۔
پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں اورگرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران 2 لاکھ 91 ہزار من سے زاید گندم ضبط کرلی اور شہریوں کی سہولت کے لیے 3 روز میں 8 لاکھ آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرانفروشی کی روک تھام کے لیے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس متحرک ہیں اور شہر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی مقررہ نرخوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بلا تعطل اور بلا تفریق جاری رکھی جائے گی اور آٹے و گندم کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کہیں قلت نہ ہو۔دوسری جانب میانوالی میں بھی ضلعی انتظامیہ کی آٹیاورگندم کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر کندیاں کی حدودمیں کارروائی کرتے ہوئے 12 ٹرکوں کوپکڑلیا ، 7ٹرکوں سے40 کلو کے4900 آٹے کے تھیلے جبکہ 5 ٹرکوں سے50 کلووالے4500بیگز گندم بر آمد کیے گئے اور گاڑیوں کو محکمہ فوڈ اور پیرا فورس کے حوالے کر دیاگیا۔