برطانیہ کا سیلاب متاثرین کے لیے ایک ارب روپے ہنگامی امداد کا اعلان

برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک ارب روپے سے زائد ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے سیلاب اور مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے برطانیہ کی جانب سے 30 لاکھ پاؤنڈ ہنگامی امداد اور مزید انسانی ہمدردی کی معاونت کا اعلان بھی کیا۔ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بروقت تعاون اور یکجہتی پر برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام متاثرہ عوام کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، اعلیٰ سطح کے روابط کی اہمیت اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ برطانیہ کی جانب سے ایمرجنسی ریلیف اور رسپانس کے لیے 3 ملین پاؤنڈزفراہم کیے گئے ہیں جب کہ برطانیہ کی جانب سے مزید امداد بھی دی جائے گی۔ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کی امداد حکومت اور این ڈی ایم اے کے تعاون سے فراہم کی جا رہی ہے، اسحاق ڈار نے برطانیہ کی بروقت امداد اور یکجہتی پر اظہار تشکر کیا۔

سنگاپور حکومت کی جانب سے پاکستان کے عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے 50 ہزار ڈالر امداد کا اعلان کیاگیا ہے۔ سنگاپور کی امداد سیلاب متاثرین کی بحالی ،ریسکیوکاموں میں معاونت کیلئے فراہم کی جائے گی۔