ملتان : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مطابق سیلاب متاثرین سے آمدورفت کے لیے زاید کرایہ وصول کرنے والے نجی کشتی مالکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شکایات موصول ہوئی کہ نجی کشتی مالکان سیلاب متاثرین سے زاید کرائے وصول کر رہے ہیں، اس لیے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ نجی کشتی مالکان کی خدمات کا معاوضہ پنجاب حکومت خود ادا کرے گی اور متاثرین سے کسی بھی قسم کی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق اب سیلاب زدہ علاقوں میں کام کرنے والی تمام نجی کشتیاں حکومت کی نگرانی میں چلائی جائیں گی، تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی مالی پریشانی یا استحصال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ پیشرفت ایک رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہوئی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جلال پور پیروالہ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد سے ریسکیو اور نقل و حمل کی سہولیات کے عوض اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے۔
