اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے ، آج غزہ تو کل کسی اور کی باری آئے گی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ غزہ کے مسلمانوں اور بچوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، اللہ تعالیٰ فلسطینیوں کی آواز ضرور سنے گا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آج فلسطینی نشانہ بنے ہوئے ہیں، لیکن وقت دور نہیں جب سب کی باری آئے گی، کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، آج غزہ ہے تو کل کسی اور کی باری ہوسکتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، ہمیں اللہ پر یقین تھا اور جذبہ تھا اسی لیے بھارت کو ہرا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عرب ممالک کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور طیارے ہیں، وہ ہر ٹیکنالوجی خرید سکتے ہیں مگر سینے میں ایمان کی قوت ہونی چاہیے، عرب ممالک ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کی مدد کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی سیاست صہیونی طاقتوں کے قبضے میں ہے، امریکی قانون ساز اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں جو جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے، وہ اپنے عوام سے ووٹ لیتے ہیں لیکن تیسری طاقت کی تابعداری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں دنیا کی رائے بدل گئی ہے، فلسطینیوں نے اپنا خون دے کر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے اور اسرائیل آہستہ آہستہ دنیا میں تنہا ہوتا جارہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایس سی او میں نیا الائنس اور نئی طاقت ابھر کر سامنے آئی ہے جو عالمی سیاست پر اثر انداز ہوگی۔ مغربی میڈیا کا بھی ضمیر جاگ اٹھا ہے جس پر پہلے صیہونیوں کا کنٹرول تھا۔
