ملتان : ملتان کے علاقے جلالپور پیروالا میں پرائیویٹ کشتیوں نے سیلاب متاثرین کو لوٹنا شروع کر دیا۔ پرائیویٹ کشتیوں کے مالکان نے کشتی کے ایک چکر کا ریٹ 40 ہزار سے1 لاکھ روپے تک کر دیا۔
ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق انتہائی خراب صورتحال کی وجہ سے سیلاب متاثرین جان بچانے کے لیے پیسے دینے پر مجبور ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پہلے ہم ڈوبے پڑے ہیں، ہم پر مزید ظلم کیا جا رہا ہے۔ایک متاثرہ شخص نے کشتی والے سے تکرار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر ظلم نہ کرو جس پر کشتی والے نے متاثرہ شخص کو جواب دیا کہ میں پیٹرول کے پیسے لے رہا ہوں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جلال پور پیروالا میں نجی کشتی مالکان کے سیلاب متاثرین کا مالی استحصال کرنے کی خبر کا سخت نوٹس لے لیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پرائیویٹ کشتیوں کو ادائیگی حکومت کرے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کو لوٹنے والے کشتی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیتے ہوئے جلال پور پیر والا میں نجی کشتیاں سرکاری نگرانی میں چلانے کی ہدایت کردی۔
