صحافیوں پر تشدد ، گرفتار ملزمان شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل

راولپنڈی : اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا نمائندگان پر پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد کے کیس میں پولیس نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمے میں دفعہ 21ـآئی لگائی جائے گی، جو میڈیا نمائندگان کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے، ڈرانے، دھمکانے اور تشدد سے متعلق ہے۔ دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کے بعد گرفتار ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی کیس کی مزید تفتیش انسپکٹر رینک کے افسر کے سپرد کی جائے گی تاکہ تحقیقات مؤثر انداز میں آگے بڑھائی جا سکیں۔ دریں اثنا صحافیوں پر تشدد کے کیس میں گرفتار 2 ملزمان کو انسداد دہشت گری عدالت میں پیش کر دیا گیا ، جہاں جج امجد علی شاہ نے ملزمان راجا سرفراز اور چوہدری نوید کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ شناخت پریڈ کا عمل مکمل کر کے 23 ستمبر کو پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ علیمہ خان سے امریکا میں جائیدادیں بنانے کے سوال پر پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد کا شکار بننے والے صحافی کی درخواست پر گزشتہ روز علیمہ خان، انتظار پنجوتھہ سمیت 40 کارکنان کے خلاف تشدد کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔