لاہور: پاکستان ریلوے مالی بحران کا شکار ہوگئی جس کے باعث ریلوے کا آپریشن چلانا مشکل ہوگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ریلویز اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہو چکا ہے، انتہائی خستہ حالی کا شکار ریلوے ٹریک کی رہی سہی کسر سیلاب نے پوری کردی، ریلوے انتظامیہ کو لاہور سمیت ملک بھر میں ریلوے آپریشن چلانے میں دشواری کا سامنا ہے۔حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ ایک ٹرین کے مسافروں کو دوسری ٹرین میں ایڈجسٹ کر کے چلایا جا رہا ہے، بوگیوں کی کمی تو تھی ہی جو بوگیاں چل رہی ہیں ان کی بھی دیکھ بھال کے لیے اسپیئر پارٹس تک دستیاب نہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یہی وجہ ہے کہ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو رہی ہیں، مقامی کنٹریکٹرز نے ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے اسپیئر پارٹس اور دیگر میٹریل کی سپلائی بند کر دی ہے۔ریلوے ورکشاپ میں درجنوں کوچیں اسپیئر پارٹس نہ ہونے کی وجہ سے کھڑی ہیں اگر صورتحال یہی رہی اور بروقت فنڈز کی فراہمی نہ ہوئی تو ریلوے آپریشن شدید متاثر ہو جائے گا، صرف لاہور ڈویڑن میں 29 اکانومی اور 34 ائیر کنڈیشنڈ کوچوں کی کمی ہے۔
وفاقی حکومت سے ساڑھے 22 ارب روپے کا بجٹ ریلوے کو ملا ہے جبکہ ضرورت سو ارب روپے سے زائد کی ہے، ریلوے ٹریک کی خستہ حالی کے باعث ہی ٹرین حادثات اور پٹریوں سے اترنے کے واقعات ہو رہے ہیں۔جب اس سلسلے میں ریلوے انتظامیہ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں آپریشن کو بخوبی انداز میں چلایا جا رہا ہے اور ہر اہم پرزہ متعلقہ سیکشنز کو فراہم کیا جا رہا ہے۔
