راولپنڈی : پی ٹی آئی خواتین کی علیمہ سے بدتمیزی، پارٹی اجلاس میں بھی گرما گرمی، راولپنڈی میڈیا ٹاک کے دوران علیمہ خان پر انڈا پھینکنے کا واقعہ، دو لڑکیاں گرفتار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شیخ وقاص اکرم نے جنید اکبر کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے، اجلاس میں گرما گرمی ہوگئی۔ شیخ وقاص اکرم نے پی اے سی میں جنید اکبر کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا، جس پر جنید اکبر نے بھی شیخ وقاص کو سیاسی خانہ بدوش قرار دیا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، شیخ وقاص اکرم نے جنید اکبر کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے، جس پر جنید اکرم نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی خانہ بدوش ہماری کارکردگی پر جملے نہ کسیں۔
ذرائع کے مطابق جنید اکبر نے وقاص اکرم سے کہا کہ ایک سال میں آپ اپنی کارکردگی دکھائیں، جمشید دستی ممبر بھی نہیں تھے ، پھر بھی ان کا معاملہ اٹھایا۔ اجلاس میں جنید اکبر نے کہا کہ وقاص اکرم پچھلے ایک سال سے پارلیمنٹ نہیں آئے ، اب کونسی کارکردگی پوچھ رہے ہیں؟، جنید اکبر نے بانی پی ٹی آئی کی شکایت کا معاملہ بھی کمیٹی کے سامنے رکھ دیا۔ جنید اکبر کے مطابق ان کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے اسپیکر کو کہا استعفی قبول نہیں کریں۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا معاملہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، پارٹی ارکان نے کہا کسی ایسے شخص سے پیغام اڈیالہ پہنچایا جائے جو متنازع نہ ہو۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک دو لڑکیوں نے ان پر انڈے پھینک دیے۔ عینی شاہدین کے مطابق انڈے لگنے کے بعد موقع پر موجود کارکنان مشتعل ہوگئے اور ان لڑکیوں کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔ مشتعل افراد نے گاڑی پر مکے اور پتھر برسائے جس سے گاڑی کی اسکرین ٹوٹ گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں لڑکیوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ جیل چوکی منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان پر دو انڈے پھینکے گئے۔واقعے پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ علیمہ خان نے ہمیشہ اپنے بھائی کے لیے انصاف کی بات کی ہے اور کبھی سیاسی معاملات میں حصہ نہیں لیا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اس طرح کے واقعات سے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ طرز عمل جمہوری اقدار کے منافی ہے۔راولپنڈی پولیس نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بہن علیمہ خان پر انڈا پھینکے والی خواتین کا تعلق ان کی ہی جماعت سے ہے۔آج اڈیالہ جیل کے دوران عمران خان کی بہن علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں کہ اس وقت ان پر دو انڈے پھینکے گئے۔گفتگو کے دوران ایک انڈہ علیمہ خان کو لگا جس کے بعد پارٹی کارکنان نے شور شرابہ شروع کردیا اور پولیس نے موقع سے 2 لڑکیوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کردیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق انڈا پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی سے آل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈالائنس اور ایپکا کے افراد احتجاج کرنے آئے تھے، خواتین کے سوالات پرعلیمہ خان کی جانب سے جواب نہ دینے پرانڈا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث خواتین کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
