ٹریفک کے مختلف حادثات میں6 بچوں سمیت11افراد جاں بحق،15زخمی

ٹریفک کے مختلف حادثات میں6 بچوںسمیت11افراد جاں بحق اور15زخمی ہوگئے۔خان پور موٹروے ایم 5 پر ظاہر پیر آرام گاہ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ملتان سے رحیم یار خان جانے والی کار ٹریلر سے ٹکرا گئی۔حادثے میں دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد بھی شامل ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث پیش آیا، جبکہ جاں بحق ہونے والا خاندان رحیم یار خان کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔

ادھرایبٹ آباد میں ڈمپر نے سڑک عبور کرنے والے اسکول کے طلبہ کو روند ڈالا، حادثے میں 3 بچے جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق واقعہ ایبٹ آباد میں ایف بی آر آفس کے قریب لیڈی گارڈن کے سامنے پیش آیا، ڈمپر نے نجی اسکول کے سڑک عبور کرنے والے طلبہ کو کچل ڈالا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسیکو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں تاہم 3 بچے موقع پر جان کی بازی ہارگئے ،5 شدید زخمی ہوگئے۔

ریسیکو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 10 سالہ ریحان ولدطیفل، 14سالہ منال ولد ایاز، 13 سالہ سعاد شامل ہیں اور زخمیوں میں 5 سالہ عروہ، 13 سالہ سویرا، 15 سالہ یشفا اور 11 سالہ احتشام شامل ہیں۔ریسیکو ٹیم نے بچوں کے جسد خاکی اور زخمی ہونے والے بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔حادثے کے بعد بچوں کے لواحقین نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔پولیس نے مختلف دفعات 322/320/3370 اور 219 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اس افسوس ناک حادثہ کے بعد بچوں کے والدین اور شہری بڑی تعداد میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جمع ہوئے۔تھانہ کینٹ کی حدود میں حادثے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر طفیل گنڈا پور ،سابق امیدوار قومی اسمبلی ملک محبت اعوان ،ایس ایس پی ٹریفک وارڈن قمر حیات کے علاوہ دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔متاثرہ بچوں اور شہریوں کے احتجاج کے دوران ڈی پی او عمر طفیل گنڈا پور نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ سکول کے اوقات میں شہر میں داخل ہونے والے ڈمپر ڈرائیور اور کوتاہی برتنے پر ٹریفک وارڈن کو معطل کرکے اور سوزوکی کیری ڈرائیور کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اوکاڑہ کی تحصیل دیبالپور میں بھی تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے رکشے میں سوار خاتون اور بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

ادھرٹریفک پولیس نے خونی حادثات کی روک تھام ،ٹریفک روانی میں بہتر ی کیلئے 5 بڑے شہروں پر فوکس کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ون سٹی ون روڈ پراجیکٹ کا آغاز کردیا ۔ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق لاہور،فیصل آباد،ملتان،گوجرانوالہ اورراولپنڈی میں ون روڈ ون سٹی کا آغاز کیا جارہاہے۔لاہور کے6روڈ،باقی شہروں کی1،1شاہراہ پر کارروائیاں کی جائیں گی، ٹریفک پولیس حادثات،ٹریفک روانی ،تجاوزات کے خاتمے کیلئے کام کرے گی۔

مخصوص روڈز پرحادثات میں کمی ،تجاوزات کو ختم کرنا ہوگا، حادثات پرقابو،ٹریفک روانی بہتربنانے کیلئے اضافی نفری لگائی جائے گی۔تجاوزات کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے مل کر کارروائیاں کی جائیں گی، بڑے شہروں میں 40فیصد ماہانہ خونی حادثات رپورٹ ہوتے ہیں،پانچ شہروں میں منصوبے کی کامیابی پر پنجاب بھر میں منصوبہ شروع ہوگا۔