کوہاٹ : کرک کی تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں پولیس سٹیشن سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے پرمسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے ایس ایچ او اپنے 2 محافظوں سمیت شہید ہوگئے جبکہ ملزمان پولیس کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس رپورٹ اور دیگر ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق گزشتہ رات تقریباً ساڑھے نوبجے یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس سٹیشن بانڈہ داؤدشاہ سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر دور کوہاٹ بنوں روڈ پر واقع احمدی بانڈہ میں چوہدری فلنگ سٹیشن پرمبینہ طور پرڈکیٹی واردات کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او عمر نواز خان پولیس نفری کے ہمراہ اپنی ذاتی موٹرکار میںموقع پر پہنچے جہاں قریبی پہاڑی پر گھات لگائے مسلح ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کھول دی جس کی زدمیں آکر ایس ایچ او عمر نواز خان اور دو پولیس اہلکار امتیاز عالم اور الطاف احمدموقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ سے پٹرول پمپ کا چوکیدار سعید بھی زخمی ہوگیا۔
ملزمان کی فائرنگ سے ایس ایچ او کی موٹرکار کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔ارتکاب جرم کے بعدملزمان پولیس کا اسلحہ بھی چھین کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس اور مقامی افرادنے شہید پولیس اہلکاروں اورزخمی کو قریبی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بانڈہ داؤدشاہ منتقل کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر( ڈی پی او) کرک شہباز الٰہی بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کر کے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔

