سیلابی صورتحال، پنجاب میں ضمنی انتخابات ملتوی

اسلام آباد:بارشوں اور سیلاب کے باعث پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے گئے۔پنجاب میں ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا آرڈر جاری ہوگیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 66 وزیرآباد، این اے 96 فیصل آباد، این اے104فیصل آباد، این اے 129 لاہور، این اے 143ساہیوال میں ضمنی انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال میں بھی ضمنی الیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں سیلاب کے باعث مواصلات کا نظام درہم برہم ہے، سیلاب کے باعث پنجاب میں سرکاری اور نجی انفرااسٹرکچر تباہ ہوا ہے، سیلاب سے سرکاری اسکولوں کی عمارتیں بھی تباہ ہوئی ہیں، یہ عمارتیں پولنگ اسٹیشن کے قیام اور الیکشن ریکارڈ اسٹور کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، انتظامیہ کے لیے الیکشن ڈیوٹی انجام دینا مشکل ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے آگاہ کیا ہے کہ پولنگ اسٹاف ریلیف آپریشنز میں مصروف ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے نئے پولنگ افسران کی تقرری کی درخواست کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے بھی ضمنی الیکشن ملتوی کرانے کی درخواست کی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے تقرر کردہ پولنگ اسٹاف کا تعلق مختلف سرکاری محکموں سے ہے، سیلاب ریلیف آپریشن میں مصروفیات کے باعث پولنگ افسران دستیاب نہیں ہیں۔

سیلاب سے متاثرہ حلقوں کے لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے، انفرااسٹرکچر کو نقصان اور بے گھر ووٹرز کی وجہ سے الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ حالات معمول پر آنے کے بعد الیکشن عمل کا دوبارہ آغاز کردیا جائیگا۔