بنوں میں ایف سی لائن پر خودکش حملہ ناکام،5ہشت گرد ہلاک،ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی

ضلع بنوں میں دہشتگرد بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرا دی جس کے بعد دہشت گردوں نے ایف سی لائن میں داخلے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا، حملے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے،جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور احاطے کے اندر داخل ہو گئے تھے، جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔ایف سی لائنز کے باہر موجود ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بتایا کہ آپریشن کی قیادت بنوں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کر رہے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 5 دہشت گرد مارے گئے ،5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی خود موقع پر موجود رہے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کی قیادت کرتے رہے جبکہ کوئیک ریسپانس یونٹ سمیت مزید نفری بھی موقع پر طلب کی گئی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ بنوں میں ایف سی پر ہونے والے بڑے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ تھا، جسے بروقت اور موثر کارروائی سے ناکام بنایا گیا، اس وقت علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ادھرلکی مروت کے علاقے مچن خیل اڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق اہلکار گاؤں بیگوخیل سے ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ اس دوران ان پر فائرنگ کی گئی۔حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جن کو گرفتار کرنے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔پولیس کے مطابق دونوں لاشیں سٹی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔