بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کیلئے چین کو دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، بیانیہ دنیا تسلیم نہیں کرتی، پاکستان کے عوام چین کے ساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں جبکہ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اوردوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرے گا۔
وزیر اعظم نے چینی صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل وزیراعظم نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تیانجن کے اسٹینڈنگ ممبر اور تیانجن بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکریٹری لیون ما جن سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)نے پاکستان میں توانائی کے شعبے کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے، سی پیک کے فیز 2 میں اسمارٹ سٹیز، زرعی صنعت کے حوالے سے تعاون اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر خاص توجہ مرکوز کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے کراچی پورٹ، بن قاسم پورٹ اور گوادر پورٹ اور چین کے تیانجن پورٹ کے درمیان تعاون اور تجارت کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے چینی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پچھلے ڈیڑھ سال میں معاشی اصلاحات میں نمایاں سنگ میل عبور کیے ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن، نئی قومی اقتصادی پالیسی اور آئی ٹی سے متعلق اقدامات کے فروغ سمیت کئی دیگر اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔وزیراعظم نے تیانجن میں صنعتی و اقتصادی شعبے سے وابستہ نمایاں افراد کے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
دریں اثناء وزیراعظم اور روسی صدر کی بھی ملاقات ہوئی، ولادیمیر پیوٹن نے سیلاب سے ہونیوالے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک روس تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہورہے ہیں، پاکستان خطے میں امن ،ترقی اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے۔