لگتاہے آپ ہمیں بھول گئے،وزیراعظم کی چودھری نثار کوپارٹی میں واپسی کی دعوت

راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے ناراض لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی جس میں انہیں مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دے دی۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف چودھری نثارسے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے تھے، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر غور کیا۔

دوران گفتگو وزیر اعظم شہباز شریف نے چودھری نثار کی خیریت دریافت کی اور مسکراتے ہوئے کہا آپ تو لگتا ہے ہمیں بھول ہی گئے جس پر سابق وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ نہیں نہیں میاں صاحت آج کل بیمار رہتا ہوں ، جس پر وزیر اعظم نے دعائے صحت دیتے ہوئے کہا اللہ آپ کو جلد صحت عطا فرمائے۔

ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے شہباز شریف کی دعوت پر فوری طور پر کوئی حتمی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ صحت یابی اور قریبی رفقا سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔چودھری نثار نے وزیر اعظم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سابق وزیر داخلہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے موجود ہیں۔