وزیراعظم کی ایک بار پھرپی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کر دی۔رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش کر دی۔

شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا کہ بیٹھ کر بات کرتے ہیں، مذاکرات ہی تمام چیزوں کا حل ہے، پہلے بھی آپ کو کہا ہے کہ بیٹھ کر بات کر لیں، بیرسٹر گوہر نے مکالمے کے جواب میں انشااللہ کہا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیش کش کر رکھی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اور بیرسٹر گوہر کے درمیان مکالمہ مخصوص نشستوں کے فیصلے سے قبل ہوا، قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف اٹھ کر بیرسٹر گوہر سے مصافحہ کرنے بھی آئے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق ثالثی عدالت کے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے پاکستانی بیانیے کوتقویت ملی کہ بھارت یکطرفہ طورپرسندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔

پانی ہماری لائف لائن ہے۔ آبی وسائل پرکام کررہے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے ثالثی عدالت کے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے موقف کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے پاکستانی بیانیے کو تقویت ملی ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی ہماری لائف لائن ہے اور حکومت آبی وسائل کے تحفظ اور موثر استعمال پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس اہم عدالتی پیش رفت میں موثر قانونی حکمت عملی اپنانے پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس امر کی توثیق ہے کہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں اور پاکستان اپنے عوام کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔