پاکستان نے پانچ روزہ جنگ میں تین محاذوں پر بھارت کو شکست دی،بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف 5روزہ جنگ میں پاکستان نے صرف سرحدی سطح پر ہی نہیں بلکہ تین مختلف محاذوں پر دشمن کو شکست دی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف کامیابی کو 3حصوں میں تقسیم کرتے ہیں، جن میں سفارتی محاذ، بیانیے کی جنگ اور محاذ جنگ شامل ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے، اس کے وسائل پاکستان سے 7گنا زیادہ ہیں اور اس کے عالمی سپر پاورز کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، لیکن پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں اتنی بڑی طاقت کو شکست دے کر اس کے 6جہاز مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستانی سفارتکاروں اور دفتر خارجہ کے نمائندوں نے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر دنیا بھر میں پاکستان کا موقف پہنچایا گیا اور عالمی برادری نے اس موقف کو تسلیم بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ایک اور بڑا محاذ بیانیے کا تھا جس میں پاکستان نے فخر کے ساتھ کامیابی حاصل کی، بھارت کی پروپیگنڈا مشینری کے باوجود پاکستان کا سچ اور دلیل پر مبنی بیانیہ غالب رہا۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق ان تینوں سطحوں پر کامیابی اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کے لیے تیار ہے بلکہ عالمی سطح پر اپنی بات منوانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے محاذ پر بھی بھارت شکست کھاگیا، بیانیے کی جنگ میں پاکستانی میڈیا نے صف اول کا کردارادا کیا، پانچ دن کی جنگ میں پاکستانی میڈیا نے اپنی ساکھ بنائی، ہمیں پاکستانی میڈیا پر فخرہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا بے بنیاد الزام پاکستان پر لگایا، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ ہم شفاف تحقیقات کرانے کے لیے تیارہیں، اب شفافیت مشکل مرحلہ نہیں، سیٹلائٹ کا زمانہ ہے، ہم نسل درنسل کشمیر کے لیے لڑتے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان معاشی طور پر ترقی کرے اورعوام کو فائدہ ہو۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیزفائرکی کوشش ناکام ہو، پاکستان نے ایک ذمہ دارنیوکلیئراسٹیٹ کا کردارادا کیا ہے، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں۔