کینیڈا میں مسافر نے طیارے سے چھلانگ لگا دی

جیند افتخار

January 12, 2024

کینیڈا کے ٹورنٹو ایئر پورٹ پر اس وقت انتہائی حیران کن منظر دیکھنے کو ملا جب مسافر نے اچانک جہاز سے چھلانگ لگا دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا تاہم اسے کوئی سنجیدہ نوعیت کا نقصان نہیں پہنچاتاہم بعدازاں انکشاف ہوا کہ اس نے ایسا صرف اپنا شوق پورا کرنے کیلئے کیا ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 8 جنوری کو ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نامعلوم مسافر نے صرف اس وجہ سے بورڈنگ کی کہ وہ سیٹ پر بیٹھنے کے بجائے کیبن ڈور سے چھلانگ لگا دے۔دبئی جانے والی اس پرواز کے روانہ ہونے سے قبل اس مسافر نے معمول کے مطابق بوئنگ 747 پر بورڈنگ کی لیکن وہ سیٹ پر نہ بیٹھا اور اس کے بعد اُس نے کیبن ڈور سے چھلانگ لگا دی۔کیبن ڈور سے چھلانگ لگانے کے بعد مسافر کو چوٹیں آئیں۔

ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد پِیل ریجنل پولیس سمیت باقی ایمرجنسی سروسز کو کال کی گئی۔ایئر کینیڈا کے مطابق اس واقعے کے بعد بوئنگ 747 کی روانگی چھ گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہی۔ اس دوران عملے نے چھلانگ لگانے والے مسافر کی دیکھ بھال کی اور معاملے کی تفتیش کی۔واقعے کے بعد ابھی تک اس بات کا علم نہیں ہو سکا کہ چھلانگ لگانے والے مسافر کو کتنی چوٹیں آئی ہیں اور اسے گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں۔

خیال رہے کچھ روز قبل ایئر کینیڈا کی ایک اور فلائٹ میں 16 برس کے مسافر کا اپنے گھر والوں کے ساتھ جھگڑا کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس کے باعث وہ پرواز تین گھنٹوں تک ایئرپورٹ پر رکی رہی تھی۔