امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات سے قبل ایک بار پھر بچوں کے قاتل اسرائیلی وزیرِ اعظم کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی ووٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کو ووٹ دیں تاکہ ہم نے جو کام مل کر شروع کیا ہے اسے مکمل کیا جا سکے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں گزشتہ ہفتے نیتن یاہو کی حمایت میں کیے گئے اپنے بیان کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور اسرائیلی وزیرِاعظم کے درمیان بہت اچھے تعلقات رہے ہیں اور دونوں نے مختلف فوجی کارروائیوں میں مشترکہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے امریکا کے وینزویلا کے خلاف آپریشن کو تاریخ کی کامیاب ترین فوجی کارروائیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل امریکا اور اسرائیل نے آپریشن مڈنائٹ ہیمر کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا تھا۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ آپریشن ایپک فیوری کے بعد ایران کے پاس نہ مؤثر بحریہ رہی ہے اور نہ ہی فضائیہ، جبکہ اس کی فوج اور معیشت بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران میں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے، بحری محاصرے کے باعث تیل تک رسائی متاثر ہوئی ہے اور ایرانی فوجی و سول قیادت کی دو سطحیں ختم ہو چکی ہیں۔



