کراچی کے نوجوان میر رضا علی خان کے قتل کیس کی جوڈیشل کمیشن رپورٹ منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں رپورٹ محکمہ داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری کرنے اور اس کی کاپی متاثرہ خاندان کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق رپورٹ آج ہی محکمہ داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔ تفتیشی افسر تیسری مرتبہ حتمی چالان پیش کرنے میں ناکام رہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ رپورٹ پر عمل درآمد کے لیے ضیا لنجار، ناصر شاہ، سعید غنی اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل ذیلی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میر رضا کیس کی رپورٹ کی کاپی متاثرہ خاندان کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتا ہوا تھا، وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش ملنے سے ایک روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکانٹس بند کر دیے گئے تھے۔



