لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، باجوڑ کے 35 افراد سمیت تمام 70 افرادلاپتا

webdesk

November 25, 2026

لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ


غیر قانونی طریقے سے یورپ لے جانے والی تارکین وطن کی کشتی کو لیبیا میں حادثہ  پیش آیا ہے جس میں سوار تمام 70 مسافر لاپتا ہوگئے جن میں سے 35 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے ہے۔

باجوڑ کے متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہےکہ حادثے کی اطلاع ایجنٹ کے ذریعے ملی، ایجنٹ نےگزشتہ روز بتایا کہ لیبیا میں کشتی کو 21 نومبر کو حادثہ پیش آیا تھا، سمندر سے اب تک کسی کی لاش نہیں نکالی جاسکی ہے۔

ادھر تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں 6 افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

ڈی پی او خان زیب مہمندکے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔ غیر قانونی طریقوں سے یورپی ممالک بھیجنے والے ایجنٹوں کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔

مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان روزگار نہ ملنے پر سمندروں میں جانیں گنوا رہے ہیں۔ بے امنی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے نوجوانوں کو ملک چھوڑنے پر مجبورکیا ہے۔ نوجوانوں کو اپنے وطن میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل میسر نہیں۔

ایمل ولی نے مطالبہ کیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جائے اور ذمہ داروں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے، حادثے میں جاں بحق نوجوانوں کی میتیں فوری پاکستان منتقل کی جائیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے لیبیا کے حکام سے مؤثر رابطے کیے جائیں۔