طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہیں بلاک

جیند افتخار

November 2, 2023

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف کاشت کاروں اور زمینداروں نے احتجاج کرتے ہوئے مختلف قومی شاہراہیں بند کر دیں۔

سید حمید کراس پر کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی جبکہ یارو کے مقام پر کوئٹہ پشین، بوستان کے مقام پر زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ، پشین، لورالائی اور ژوب شاہراہ بند کی گئی ہے۔

لکپاس پر کوئٹہ کراچی، کولپور میں سبی جیکب آباد شاہراہ پر زمینداروں نے دھرنا دیا ہے۔

احتجاج اور دھرنے سے بلوچستان کا سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے ساتھ ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔

زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنما کاظم اچکزئی نے کہا ہے کہ احتجاج کا اختتام بجلی کی مکمل بحالی سے مشروط ہے۔

کاظم اچکزئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ سے صوبے میں زرعی سیزن تباہی کا شکار ہو گیا ہے۔