(الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ میں دیے گئے ایک درس کا خلاصہ)
بعد الحمد والصلٰوة۔ سرورِ کائنات، فخرِ موجودات حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت ملنے پر اللہ تعالٰی کی طرف سے توحید اور دین کا پیغام پہنچانے کا حکم موصول ہونے کے بعد جب اپنی دعوت اور محنت کا آغاز کیا تو کہاں سے کیا اور کیسے کیا؟ حضورۖ کو حکم ملا ”فاصدع بما تؤمر” (سورة الحجر) جو کچھ آپ سے کہا گیا ہے اب اس کا اعلان کیجیے۔ تو آپۖ نے سب سے پہلے صفا پہاڑی سے عمومی دعوت کا آغاز کیا۔ آج تو صفا پہاڑی نہیں رہی بس اس کی علامت باقی ہے، اس زمانے میں پہاڑی ہوتی تھی اور اس دور کا رواج تھا کہ سفید چادر لہرا کر لوگوں کو بلاتے تھے، جو علامت ہوتی تھی کہ کوئی اہم واقعہ پیش آ گیا ہے۔ آپ نے اس پر چڑھ کر چادر لہرائی تو تھوڑی دیر میں مکہ کے کچھ لوگ جمع ہو گئے۔ آپۖ نے ان سے سب سے پہلے اپنی ذات کے بارے میں بات کی، اس کے بعد دعوت کا باقاعدہ آغاز اس جملہ سے کیا ”یا ایہا الناس”۔ یہ نقطہ آغاز ہے۔ جبکہ سامنے مکی، قریشی اور عرب لوگ تھے، شاید ہی کوئی عجمی ہو، لیکن جناب نبی کریم نے ان حوالوں سے کسی کو خطاب نہیں کیا، بلکہ یوں فرمایا ”اے نسل انسانی”۔ مطلب یہ کہ میں جو بات کہنے لگا ہوں یہ نہ صرف مکہ والوں کے لیے ہے، نہ صرف قریش والوں کے لیے ہے، اور نہ صرف عرب والوں کے لیے ہے، بلکہ ساری نسل انسانی کے لیے ہے۔
آج دنیا میں گلوبلائزیشن، انٹرنیشنلزم اور عالمیت کی بات ہوتی ہے اور بڑے لوگوں کے دعوے ہیں کہ ہم نے قوموں، ملکوں، نسلوں کے دائرے توڑ دیے، اب ہم ان کے اعتبار سے نہیں بلکہ انسانیت اور گلوبلائزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہیں۔ میں ان سے کہا کرتا ہوں کہ آپ جس گلوبلائزیشن کی بات کرتے ہیں، نسلِ انسانی میں سب سے پہلے جس شخصیت نے گلوبلائزیشن کی بات کی ہے اس کا نام ”محمد رسول اللہ” ہے صلی اللہ علیہ وسلم۔ قوموں، ملکوں، زبانوں اور نسلوں سے ماورا پوری نسل انسانی کو جس نے سب سے پہلے خطاب کیا وہ آپۖ کی ذات گرامی ہے۔ آپۖ سے پہلے انبیاء بھی، مصلحین بھی اور بادشاہ بھی قوموں سے ہی مخاطب ہوتے تھے لیکن یا قوم، یا بنی اسرائیل اور یا ایھا الملأ ان کا عنوان ہوتا تھا۔ سب سے پہلے جناب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ”یا ایہا الناس” سے خطاب کر کے یہ واضح کر دیا کہ میری دعوت نہ صرف مکہ والوں کے لیے ہے، نہ صرف قریش والوں کے لیے ہے، نہ صرف ہاشمیوں کے لیے ہے، اور نہ صرف عرب والوں کے لیے ہے، بلکہ ساری نسل انسانی کے لیے ہے۔
جب ہم اپنے ذہن کو اس بات پر تیار کر لیں کہ ہمارے دین کی دعوت پوری نسل انسانی کے لیے ہے تو پھر مجھے اور آپ کو سوچنا پڑے گا کہ اُس وقت حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری نسل انسانی کو مخاطب کیا تھا، آج نسل انسانی کہاں کہاں بستی ہے اور اسے ”یا ایہا الناس” کہہ کر خطاب کرنے والا آج کون ہے؟ ہماری دعوت آج کیا ہے؟ ہم تو اپنی جماعت، قوم، طبقے، مسلک، علاقے اور فرقے سے مخاطب ہیں، ہماری کوشش اپنے مسلک کا دفاع کرنے کی ہوتی ہے، زیادہ سے زیادہ یہ کہ اپنے مذہب سے مخاطب ہوتے ہیں، اہل ایمان سے مخاطب ہوتے ہیں، ہم جتنا بھی دائرہ وسیع کر لیں ہمارا خطاب مسلمانوں سے ہی ہوتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آج ”ایھا الناس” کہنے والا کون ہے؟ یہ بھی کسی نے کہنا ہے یا نہیں؟ یہ کسی کی ذمہ داری ہے یا نہیں؟ میں خود کو اور آپ کو توجہ دلانے کے لیے بات کر رہا ہوں کہ مسلمان بھائیو! کہنے والے ہم سب ہیں، اپنی قوم، اپنے علاقے، اپنی نسل اور اپنی زبان والوں کو خطاب کر کے بات کرنے والے ہم سب ہیں، لیکن نسلِ انسانی کو خطاب کرنے والا دنیا میں آج کون ہے؟ ہمیں سب سے پہلے یہ بات ذہنوں میں بٹھانی ہو گی کہ اسلام صرف مسلمانوں کا نہیں، پوری نسل انسانی کا ہے۔ قرآن کریم پر صرف ہمارا حق نہیں بلکہ یہ ”ھدًی للناس” ہے، اس کی دعوت پوری نسل انسانی کے لیے ہے، سب کا اس پر حق ہے۔
جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب ”ایہا الناس” سے خطاب کیا تو آپ کے اردگرد مکہ اور طائف والے یعنی قریش اور بنو ثقیف دو ہی طبقے تھے، تیسرے طبقہ یہود سے تیرہ سال بعد مدینہ میں واسطہ پیش آیا۔ ان دو ہی قبیلوں کا اعتراض تھا کہ ”وقالوا لو لا نزل ھذا القرآن علٰی رجل من القریتین عظیم” (سورہ الزخرف ) آپ کہتے ہیں مجھے نبوت ملی ہے، اللہ نے اگر نبوت دینی تھی تو ان دونوں بستیوں مکہ اور طائف کے کسی بڑے سردار کو کیوں نہیں دی، آپ کو ہی کیوں دی ہے؟ یہ قرآن کریم آپ پر ہی اترنا تھا؟ بہرحال تیرہ سالہ مکی دور میں ان ہی دو طبقوں سے واسطہ رہا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس تیرہ سالہ دعوت کے مراحل کو دیکھیں تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ حضورۖ کی دعوت کا سب سے پہلا ذریعہ قرآن کریم تھا۔ چونکہ مخاطبین عرب تھے، عربی زبان جانتے تھے تو قرآن بھی عربی زبان میں اترا جو آپۖ کی دعوت کا سب سے بڑا ذریعہ تھا۔ آپۖ منڈیوں اور تجارتی میلوں میں جا کر، خوشی غمی کے مواقع پر جا کر قرآن سناتے۔ قرآن کریم جو اللہ کا کلام ہے وہ جب حضورۖ سنائیں تو اثر کیوں نہ کرے؟ اس کے اثرات کو روکنا کیونکر ممکن ہو سکتا تھا۔ حضورۖ لوگوں کو قرآن کریم سناتے، اللہ تعالٰی کی توحید بیان کرتے اور اسلام کی دعوت دیتے۔ اس دعوت کے ردعمل میں آپ کے چچاؤں میں سے کوئی آپ کے پیچھے چل پڑتا۔ جب حضورۖ دعوت دیتے، اول تو یہ دعوت لوگوں کے لیے اجنبی ہوتی کیونکہ وہ صدیوں سے کفر و بت پرستی میں رہ رہے تھے، حضرت اسماعیل کے بعد سے ان میں کوئی نبی نہیں آیا تھا۔ اور دوسرا یہ کہ ان میں سے کوئی چچا لوگوں کو کہتا یہ میرا بھتیجا ہے اس کو جن چمٹ گیا ہے ”وقالوا مجنون وازدجر” (سورہ القمر) یہ مجنون ہو گیا ہے، اس کا دماغ کام نہیں کر رہا (نعوذ باللہ)، اس کی باتوں پر نہ جانا، یہ ساحر و کاہن اور شاعر ہے، اس کو پتہ نہیں کس کی بد دعا لگ گئی ہے، لہٰذا اس کی بات سنجیدگی سے نہ سنیں۔
لیکن جب اس مرحلے میں کفار کو کامیابی نہ ہوئی اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت قرآن کریم کے ذریعے پھیلتی رہی تو دوسرے مرحلے میں انہوں نے دعوت کو روکنے کے لیے قرآن کی محفلوں میں شور مچانے کی روش اختیار کی، کیونکہ جب کوئی حضورۖ کی زبان سے قرآن سنے گا تو متاثر ہوگا۔ اس لیے ان کا یہ ایجنڈا تھا کہ کوئی قرآن سنے ہی نہیں۔ ”وقال الذین کفروا لا تسمعوا لھٰذا القرآن والغوا فیہ” اس قرآن کو نہ سنو بلکہ جہاں قرآن پڑھا جا رہا ہو وہاں شور مچاؤ تاکہ دوسرے بھی قرآن نہ سن سکیں ”لعلکم تغلبون” (سورہ فصلت ) تاکہ تم ان کی بات روکنے میں کامیاب ہو جاؤ۔ یہ پروپیگنڈا یہاں تک ہوا کہ لوگ کانوں میں انگلیاں دے کر مکہ مکرمہ آتے تھے کہ کہیں محمدۖ کی آواز اچانک کانوں میں نہ پڑ جائے اور انہیں کامیابی نہ ہو جائے۔ اس مرحلہ میں بھی کفار کو کامیابی نہیں ہوئی۔
اس کے بعد یہ مرحلہ آیا ”ومن الناس من یشتری لھو الحدیث لیضل عن سبیل اللہ” (سورہ لقمان ) کہ کچھ لوگوں نے مثلاً نضر بن حارث وغیرہ نے مقابلے میں ”لھو الحدیث” گانے بجانے، ناچ گانے اور قصے کہانیوں کی مجلسیں سجانا شروع کر دیں، جس کو میں یوں تعبیر کیا کرتا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کی دعوت کو روکنے کے لیے اور اس کے اثرات کم کرنے کے لیے انہوں نے مکہ میں ”کیبل” بچھا دیا تاکہ حضورۖ کی طرف کوئی نہ جائے، سارے اسی مصروفیت میں لگے رہیں۔
جب اس مرحلہ میں بھی کامیابی نہ ہوئی تو سودے بازی پر آگئے، جب دیکھا کہ ہم روکنے میں کامیاب نہیں ہو رہے تو مصالحت کا راستہ اختیار کیا۔ اسی مرحلے کے بارے میں قرآن کریم میں ہے ”ودّوا لو تدھن فیدھنون” (سورہ القلم ) جناب ابو طالب کے پاس حضور اکرمۖ سے صلح کرنے کے لیے ستر سرداروں کا وفد آیا کہ جناب آپ ہماری ان سے صلح کرا دیں۔ ان کی پیشکش یہ تھی کہ ٹھیک ہے وہ بھی حرم پاک میں عبادت کریں، ہم بھی کرتے ہیں۔ ہم ان کو نہیں روکتے، وہ ہمیں نہ روکیں۔ حرمِ مکہ میں آپ عبادت کریں ہم بھی ان کے ساتھ مل کر کر لیا کریں گے اور کبھی آپ ہمارے پاس آ جایا کریں، مل جل کر گزارہ کرتے ہیں۔ آپ جو چاہیں کریں ہم ان کو نہیں روکتے لیکن ایک شرط کے ساتھ کہ آپ ہمارے خداؤں کی نفی نہ کریں۔ توحید کی بات ضرور کریں لیکن ہمارے بتوں کی نفی نہ کریں یعنی آج کی اصطلاح میں ”پازیٹو بات کریں، نیگیٹو نہ کریں”۔ (جاری ہے)



