حوثیوں کی پیش قدمی کے جواب میں یمنی فوج کا بڑا آپریشن، 787 ہلاک

webdesk

September 28, 2026

رپورٹ: ابوصوفیہ چترالی
یمن میں حوثی ملیشیا اور اس کے مخالف حکومتی و مقامی مسلح دھڑوں کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرگئی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں نے مغربی یمن خصوصاً تعز، لحج اور بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں متعدد محاذوں پر پیش قدمی کی کوشش کی جبکہ ان کے مقابل یمنی سرکاری فوج، العمالقہ بریگیڈز، قوات درع الوطن، نیشنل ریزسٹنس فورسز اور مقامی عوامی مزاحمتی گروپ مختلف محاذوں پر جوابی کارروائیاں کر رہے ہیں۔
لڑائی کی شدت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ حوثیوں کے اپنے ماتمی اعلانات اور جنازوں کی بنیاد پر صرف یکم جولائی سے 24 ستمبر تک 787 جنگجووں کی ہلاکتیں دستاویزی طور پر سامنے آچکی ہیں۔ ان میں صرف رواں ماہ کی ہلاکتیں 516 ہیں۔ یمن کی عسکری و سیاسی صورتحال پر رپورٹنگ کرنے والے معتبر آن لائن ادارے ’یمن مانیٹر‘ کے مطابق یہ مکمل جانی نقصان نہیں بلکہ وہ تعداد ہے جسے حوثی میڈیا، تعزیتی اعلانات اور جنازوں کی اطلاعات سے ناموں سمیت دستاویزی طور پر ثابت کیا جاسکا ہے جبکہ حوثی اپنی ہلاکتوں کا اعلان نہیں کرتے۔ حوثیوں کے لیے سب سے اہم نقصان صرف عام جنگجووں کا نہیں بلکہ فوجی افسران اور کمانڈروں کا ہے۔ ہلاک شدگان میں کرنل، لیفٹیننٹ کرنل، میجر، کیپٹن، فرسٹ لیفٹیننٹ اور سیکنڈ لیفٹیننٹ سمیت متعدد فوجی رینکس رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ 22 ستمبر تک یمن مانیٹر نے 422 حوثی ہلاکتیں دستاویزی طور پر ریکارڈ کی تھیں جن میں درجنوں افسران اور فوجی کمانڈر شامل تھے۔ اسی سلسلے کی ایک نمایاں کڑی حوثیوں کے تیسرے میزائل بریگیڈ کے آپریشنز چیف مجدالدین حمید علی الحمزی کی ہلاکت ہے۔ حوثیوں نے خود اس کی موت کا اعتراف کیا۔ الحمزی تعز کے محاذ پر مارا گیا اور اس کے ساتھ متعدد ساتھی بھی ہلاک ہوئے۔ حوثیوں نے الحمزی سمیت 65 مسلح افراد کی تدفین کی جن میں 22 کمانڈر شامل تھے۔ ان کے جنازے صنعاء، صعدہ، عمران اور اب میں ہوئے۔ الحمزی کی ہلاکت اس لیے بھی اہم سمجھی جارہی ہے کہ وہ حوثی میزائل یونٹ کے آپریشنل ڈھانچے میں اہم ذمہ داری رکھتا تھا۔ اس کا تعلق صعدہ کے سحار ضلع سے تھا اور اس کی ہلاکت کو کچھ عرصے تک مخفی رکھا گیا۔
چند روز قبل یمن مانیٹر نے مزید دو اہم حوثی فوجی کمانڈروں کی ہلاکت کی خبر دی تھی۔ ان میں بریگیڈیئر جنرل امیر غالب المجش اور فرسٹ کمانڈو بریگیڈ کے کمانڈر فراق محسن العصار، المعروف صقر القفر شامل تھے۔ العصار حوثیوں کی اعلیٰ عسکری صفوں میں شمار ہوتا تھا اور اِب کے محاذ کا کمانڈر بھی رہ چکا تھا۔ اس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ ماضی میں مارب اور الجوف پر حوثی حملوں میں شریک رہا تھا اور غالب امکان ہے کہ باب المندب کے مشرق میں واقع کہبوب کے پہاڑی محاذ پر لڑائی کے دوران مارا گیا۔حالیہ بحران کا ایک اہم مرکز مغربی یمن ہے۔ ستمبر کے آغاز میں حوثیوں نے تعز کے مغربی علاقوں اور بحیرہ احمر کے ساحل کی سمت کئی محاذوں پر دباو¿ بڑھایا۔ 3 ستمبر کو حوثیوں نے مغربی محاذ پر بڑے حملے شروع کیے جبکہ بعد میں حکومتی افواج نے ان کے خلاف جوابی کارروائیاں تیز کردیں۔
4 ستمبر کو یمنی چوتھے فوجی خطے کے کمانڈر میجر جنرل حمدی شکری مزید کمک کے ساتھ المخا پہنچے تاکہ تعز اور مغربی ساحل کے محاذوں پر کارروائیوں کی نگرانی کریں۔ العمالقہ بریگیڈز اور قوات درع الوطن کی مزید کمک بھی مغربی تعز پہنچی جبکہ حکومتی افواج حوثیوں کے ٹھکانوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری شروع کی۔ باب المندب کے قریب کہبوب کا پہاڑی علاقہ دونوں طرف کے لیے انتہائی اہم ہے۔ یہ علاقہ آبنائے باب المندب کے قریب بلند زمینی پوزیشنیں فراہم کرتا ہے اور ساحلی راستوں پر نظر رکھنے کے لیے اس کی فوجی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ ستمبر کے وسط میں اس علاقے میں مسلسل جھڑپیں ہوئیں اور العمالقہ بریگیڈز نے وہاں دفاعی پوزیشنیں مضبوط کیں۔23 ستمبر کو حوثیوں نے تعز اور عدن کے درمیان اہم زمینی رابطہ منقطع کرنے کی کوشش کی۔ امریکی ادارے انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار کے مطابق حوثی جنگجوو¿ں نے حَیفان کے علاقے سے جنوب مغرب کی جانب پیش قدمی کرکے حجة العبد کے علاقے تک پہنچنے کی کوشش کی۔ کچھ وقت کے لیے مرکزی زمینی راستہ متاثر ہوا، تاہم یمنی حکومتی افواج، نیشنل آرمی، العمالقہ بریگیڈز اور مقامی عوامی مزاحمت نے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرلیا۔ حکومتی فورسز نے حوثیوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے فضائی حملے بھی کیے۔ 24 ستمبر کو بھی تعز اور لحج کی سرحد کے قریب کہبوب کے علاقے میں دونوں جانب پیش قدمی اور جوابی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ نیشنل ریزسٹنس فورسز نے حوثی جنگجووں کے خلاف ڈرون کارروائی بھی کی، جبکہ العمالقہ بریگیڈز نے کہبوب کے قریب اپنی دفاعی پوزیشنیں مضبوط کیں۔
حوثیوں کے خلاف لڑنے والا کیمپ کسی ایک فوجی تنظیم پر مشتمل نہیں۔ یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے تحت یمنی نیشنل آرمی اہم قوت ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس کے ساتھ کئی نیم خودمختار یا مقامی عسکری دھڑے بھی لڑ رہے ہیں۔ ان میں العمالقہ بریگیڈز، قوات درع الوطن، نیشنل ریزسٹنس فورسز، تہامہ ریزسٹنس اور مقامی عوامی مزاحمتی گروپ شامل ہیں۔ حالیہ مغربی محاذ پر یمن مانیٹر نے العمالقہ بریگیڈز، قوات درع الوطن اور الصبیحہ قبائلی جنگجوو¿ں کی موجودگی کی نشاندہی کی ہے۔ نیشنل ریزسٹنس فورسز کی قیادت سابق صدر علی صالح کے بیٹے بریگیڈیئر طارق صالح کرتے ہیں اور یہ مغربی ساحل میں حوثیوں کے خلاف سرگرم اہم عسکری دھڑوں میں شمار ہوتی ہے۔ دوسری جانب العمالقہ بریگیڈز جنوبی اور مغربی محاذوں پر سرگرم ہیں۔ قوات درع الوطن بھی حالیہ کمک میں شامل رہی ہے۔ ان تمام قوتوں کے درمیان مشترک ہدف حوثی پیش قدمی کو روکنا ہے تاہم یمن کے مختلف غیرحوثی دھڑوں کے سیاسی و علاقائی مفادات ایک جیسے نہیں۔ یمن کی جنگ اسی لیے محض حوثیوں اور حکومت کے درمیان سادہ دو طرفہ جنگ نہیں ہے۔ حکومتی کیمپ کے اندر بھی مختلف سیاسی و عسکری مراکز موجود ہیں۔ حالیہ مغربی محاذ کی صورتحال نے ان قوتوں کے درمیان بہتر رابطے اور مشترکہ کمان کی ضرورت کو مزید نمایاں کیا ہے۔ ستمبر میں حوثیوں کی پیش قدمی کے بعد یمنی حکومت نے مغربی محاذ کے لیے نیا کمانڈ سینٹر بھی قائم کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
ستمبر میں 516 جنازے
حوثیوں کے نقصانات کا اندازہ ان کے جنازوں سے لگایا جاسکتا ہے۔ یمن مانیٹر کے مطابق 23 ستمبر کو 60 اور 24 ستمبر کو مزید 34 حوثیوں کی تدفین ہوئی۔ یوں صرف دو دن میں 94 جنازے ہوئے اور ستمبر کی دستاویزی ہلاکتیں 516 تک پہنچ گئیں۔ غیراعلانیہ ہلاکتیں اس کے علاوہ ہیں۔ 23 ستمبر کے جنازے ذمار، عمران، صنعائ، حجہ، البیضاء، صعدہ، اِب اور الضالع میں ہوئے جبکہ 24 ستمبر کو عمران، صعدہ، ریمہ، حجہ، صنعاءاور تعز میں تدفین کی گئی۔ عمران میں قفلہ عذر، شہارہ، صویر، حبور ظلیمہ، السودة، حرف سفیان، عیال سریح اور ریدہ کے افراد کے جنازے ہوئے جبکہ صعدہ میں ساقین، سحار اور غمر سے تعلق رکھنے والے جنگجوو¿ں کی تدفین ہوئی۔ اعداد میں سب سے زیادہ توجہ طلب اضافہ ستمبر میں نظر آتا ہے۔ جولائی میں 93 اور اگست میں 178 حوثیوں کی ہلاکتیں دستاویزی طور پر سامنے آئیں۔ دونوں مہینوں کا مجموعہ 271 بنتا ہے جبکہ ستمبر کے صرف 24 دنوں میں تعداد 516 ہوگئی۔ یوں تین ماہ کے دوران دستاویزی ہلاکتیں 787 تک پہنچ گئیں۔
787 آخری تعداد نہیں!
واضح رہے کہ 787 کو حوثیوں کے حقیقی مجموعی جانی نقصان کی حتمی تعداد نہیں کہا جاسکتا۔ یمن مانیٹر نے خود واضح کیا ہے کہ اس کی مانیٹرنگ یونٹ نے صرف وہ ہلاکتیں شمار کی ہیں جن کی تصدیق حوثی ذرائع کے تعزیتی بیانات، جنازوں یا متعلقہ میڈیا اطلاعات سے ہوسکی۔ حوثی عموماً ہر ہلاک ہونے والے جنگجو کے مقامِ ہلاکت، تاریخ اور محاذ کی تفصیل جاری نہیں کرتے۔ اس لیے 787 دراصل کم از کم دستاویزی تعداد ہے۔ اصل نقصان اس سے زیادہ ہوسکتا ہے۔ تاہم مسلسل جنازوں، فوجی افسران کی ہلاکتوں اور میزائل و فیلڈ کمانڈروں کے نام سامنے آنے سے یہ ضرور واضح ہوتا ہے کہ ستمبر کے دوران حوثیوں کو مختلف محاذوں پر بھاری انسانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ تعز، لحج، صعدہ، عمران، حجہ، صنعائ، مارب اور باب المندب کے اطراف پھیلی لڑائی سے یمن کی طویل جنگ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ ایک طرف حوثی مغربی اور جنوبی سمت میں اپنی پوزیشنیں بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری جانب یمنی حکومت سے وابستہ متعدد عسکری قوتیں ان کی پیش قدمی روکنے اور بعض اہم پہاڑی و ساحلی مقامات پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ ایسے میں حوثیوں کے جنازوں کی بڑھتی ہوئی تعداد جنگ کے میدان میں ہونے والے جانی نقصان کی ایک اہم، اگرچہ نامکمل، تصویر پیش کررہی ہے۔ (حوالہ جات: یمن مانیٹر کی 26 ستمبر کی دستاویزی رپورٹ، یمن مانیٹر کی کمانڈروں کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ، عکاظ کی 25 ستمبر کی رپورٹ، انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار اور انادولو ایجنسی کی تازہ رپورٹس)