کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹس پر نامکمل یا غیرمصدقہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معاینہ کیا اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مسافروں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے طریقہ کار، درپیش مسائل اور دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر انہوں نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات خود چیک کیں اور ان کی آن دی اسپاٹ تصدیق بھی کروائی۔
محسن نقوی نے امیگریشن ٹیم کے بہترین انتظامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہو چکی ہیں، جس سے سفر کو آسان بنانے میں مدد ملی ہے۔



