ایڈمن سوسائٹی سانحہ، ملبے سے 54 گھنٹے بعد نوجوان حیران کن طور پر زندہ برآمد

webdesk

November 27, 2026

نوجوان کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی جو کراچی کے علاقے گولیمار کا رہائشی اور ماربل کا کاریگر ہے

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں واقع ایڈمن سوسائٹی میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے سے 54 گھنٹے بعد نوجوان حیران کن طور پر زندہ برآمد ہوا ہے۔

ایڈمن سوسائٹی میں امدادی کاموں کے دوران ریسکیو رضاکاروں نے جب ایک پتھر توڑا تو اندر سے نوجوان کی آواز آئی۔

نوجوان کو بحفاظت نکالنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ بظاہر وہ مکمل ہوش و ہواس میں تھا۔

ملبے سے نکلنے والے نوجوان کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی جو ماربل کا کاریگر اور کراچی کے علاقے گولیمار کا رہائشی ہے۔ نوجوان کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ اور بھائی عمارت کے ملبے کے پاس موجود تھے۔

عادل کے باہر آنے پر وہاں موجود عوام نے اللہ اکبر کے نعرے لگائے جبکہ اس دوران انتہائی جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔

ریسکیو حکام کے مطابق عادل کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم اسپتال میں معائنے کے ساتھ اُسکو طبی امداد دی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثے میں ملبے تلے دبے شخص کے زندہ ہونے پر اظہارِ تشکر اور کیا کہا کہ 54 گھنٹے بعد انسانی جان کا محفوظ رہنا اللہ تعالیٰ کا خاص کرم اور معجزہ ہے۔

انہوں نے ریسکیو اداروں اور کمشنر کراچی کو امدادی آپریشن مزید تیز کرنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملبے تلے دبے شخص کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور جدید مشینری بروئے کار لائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو اہلکاروں کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین اور متاثرہ شخص کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔