حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی کیلئے پاک فوج کا دستہ روانہ، الوداعی تقریب کا انعقاد

webdesk

November 29, 2026

پاک فوج کے سعودی عرب روانہ ہونے والے دستوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے الوداعی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کمانڈر لاہور کور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستانی فوجی دستے طے شدہ معاہدوں کے تحت سعودی عرب میں اپنی ذمے داریاں انجام دیں گے۔
فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہے، پاکستانی فوجی دستوں کی تعیناتی سعودی عرب کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہو گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔