جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی سندھ آمد روک دی گئی، انہیں ملتان میں دوبارہ نظر بند کر دیا گیا، جبکہ جے یو آئی سندھ کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو کو رات گئے صادق آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔
مولانا ناصر محمود سومرو نے کہا کہ یہ اقدامات 30 نومبر کو ہونے والی شہید اسلام کانفرنس کو روکنے اور قائد جمعیت کو کانفرنس میں شرکت سے محروم رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
مولانا ناصر محمود سومرو کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے گزشتہ روز دن کے وقت ٹیلی فون پر مولانا راشد محمود سومرو کو اطلاع دی تھی کہ انہیں رہا کر دیا گیا ہے اور وہ سندھ آرہے ہیں، اس لیے وہ بارڈر پر پہنچ جائیں۔ تاہم، ظاہر پیر پہنچنے پر مولانا فضل الرحمٰن کو سندھ جانے سے روک دیا گیا اور ملتان جانے پر مجبور کیا گیا، جہاں انہیں دوبارہ نظر بند کر دیا گیا۔
مولانا ناصر محمود سومرو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دوسری جانب رات گئے مولانا راشد محمود سومرو کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے ان اقدامات کو شہید اسلام کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان کی شرکت روکنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے صورتحال پر اپنا مؤقف پیش کیا۔



