پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق اور آزاد ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، شہباز شریف

عنایت الرحمان

November 29, 2026

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور فلسطین کے حوالے سے ہمیشہ اصولی مؤقف پر قائم رہا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام دہائیوں سے بے دخلی اور تشدد کے سنگین نتائج بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ فلسطین پر پاکستان نے ہمیشہ اصولی اور غیر متزلزل مؤقف اختیار کیا ہے، پاکستان فلسطین کی حمایت میں صف اوٓل میں شامل رہا ہے اور پاکستان نے فلسطین سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کی حمایت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔