رپورٹ: ابوصوفیہ چترالی
ترکیہ نے اپنے مقامی طور پر تیار کردہ پانچویں نسل کے جدید اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ”قآن ”کی پیداوار اور فضائیہ میں شمولیت کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 2035ء کے آخر تک مجموعی طور پر 100طیارے ترک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔ ترک وزیر دفاع یاشار گولر نے پارلیمانی بجٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 2028ء سے2030ء تک 20طیاروں پر مشتمل پہلی کھیپ امریکی انجنوں کے ساتھ فضائیہ کے حوالے کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 2035ء تک مزید 80طیارے ترکیہ کے اپنے مقامی انجن کے ساتھ تیار کیے جائیں گے۔ فی الحال اس طیارے کے تین پروٹوٹائپ ماڈلز آزمائش اور تکمیل کے مراحل میں ہیں، جبکہ عبوری دور میں فضائی دفاع کو برقرار رکھنے کے لیے ترکیہ امریکا سے F-16، F-35 اور یورپ سے یوروفائٹر طیاروں کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق ” قآن”کی شمولیت سے ترکیہ دفاعی میدان میں مکمل خود انحصار ہو جائے گا اور امریکا، چین و روس کے بعد اسٹیلتھ طیارے بنانے والے عالمی ممالک کی صف میں شامل ہو جائے گا۔ اس منصوبے میں انڈونیشیا نے 48طیاروں کی خریداری، جبکہ مصر نے مشترکہ پیداوار کا معاہدہ کر کے ترکیہ کی بڑھتی ہوئی دفاعی اہمیت پر مہر ثبت کر دی ہے۔
اس منصوبے کی غیر معمولی رفتار کے پیچھے 2019ء کا وہ اہم واقعہ کارفرما ہے جب ترکیہ نے روس سے S-400فضائی دفاعی نظام خریدا تھا۔اس فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکا نے ترکیہ کو نہ صرف پانچویں نسل کے F-35طیاروں کی فراہمی روک دی بلکہ اسے اس مشترکہ پیداواری پروگرام سے بھی خارج کر دیا، حالانکہ ترکی اس منصوبے کا بانی شراکت دار تھا اور اس کے پرزہ جات تیار کر رہا تھا۔ اس پابندی اور مغربی انحصار کی تلخ حقیقت نے انقرہ کو اس نتیجے پر پہنچایا کہ قومی سلامتی کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار خطرناک ہے، جس کے بعد ترکی نے اپنی تمام تر توانائیاں مقامی پانچویں نسل کے طیارے ”قآن”کی تیاری پر مرکوز کر دیں۔
قآن کی نمایاں تکنیکی خصوصیات
پانچویں نسل کے اس لڑاکا طیارے کو جدید ترین جنگی تقاضوں اور فضائی برتری کے اصولوں پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی اہم خصوصیات میں اسٹیلتھ ڈیزائن (Stealth) سب سے نمایاں ہے۔ جو طیارے کی مخصوص ساخت اور ریڈار کی لہروں کو جذب کرنے والا خاص رنگ اسے دشمن کے ریڈار سے اوجھل رکھتا ہے، جس سے یہ ریڈار اسکرین پر ایک چھوٹی سی چڑیا جتنا دکھائی دیتا ہے۔ اس میں دو انجن نصب ہیں، جو اسے 1.8سے 2.0آواز کی رفتار سے دگنی تیز اور 55,000فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی طاقت دیتے ہیں۔یہ بغیر اضافی ایندھن جلائے مسلسل آواز سے تیز رفتار قرار رکھ سکتا ہے۔ اسٹیلتھ صلاحیت کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے میزائل اور بم طیارے کے پروں کے نیچے لٹکانے کے بجائے اس کے جسم کے اندر بنے خفیہ خانوں میں رکھے جاتے ہیں۔ یہ فضا سے فضا اور فضا سے زمین پر مار کرنے والے جدید ترک میزائلوں سے لیس ہوگا۔ اس میں جدید ترین AESAریڈار، سینسر فیوژن اور مصنوعی ذہانت (AI)نصب ہے جو پائلٹ کو 360ڈگری کا مکمل منظر فراہم کرتی ہے۔ اس کی سب سے منفرد صلاحیت یہ ہے کہ یہ دورانِ جنگ اپنے ساتھ اڑنے والے بغیر پائلٹ کے ڈرون طیاروں جیسے قزل ایلما اور انکاکے غول کو بطور”کمانڈر”کنٹرول کر سکے گا۔ دفاعی ماہرین اور ترک دفاعی حکام کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق ”قآن” کی فی طیارہ لاگت 100ملین ڈالر بتائی جا رہی ہے، جو امریکی F-22اور F-35کے مقابلے میں عالمی منڈی کے خریداروں کے لیے خاصی پرکشش قیمت سمجھی جا رہی ہے۔
قآن بمقابلہ F-35:
تکنیکی اعتبار سے دیکھا جائے تو امریکی F-35ایک سنگل انجن، ہلکا اور کثیر المقاصد طیارہ ہے، جس کا بنیادی ہدف خفیہ جاسوسی اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانا ہے۔ اس کے برعکس ترکی کا قآن دو طاقتور انجنوں کا حامل ایک بھاری بھرکم(21میٹر طویل)طیارہ ہے، جسے خاص طور پر فضائی برتری، زیادہ بلندی اور تیز رفتار فضائی جنگ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اگرچہ F-35کو برسوں کے جنگی تجربے اور انتہائی پختہ سافٹ ویئر کی برتری حاصل ہے، تاہم قآن کا سب سے بڑا امتیاز اس کی ”تکنیکی آزادی”ہے۔ F-35استعمال کرنے والے ممالک امریکی سافٹ ویئر اور ہتھیاروں کی شرائط کے پابند رہتے ہیں، جبکہ قآن ترکیہ کو یہ مکمل اختیار دیتا ہے کہ وہ اس میں اپنے مقامی میزائل، ریڈار اور جدید ڈرون سسٹم بغیر کسی بیرونی قدغن کے نصب کر سکے۔
قآن نام کیوں رکھا گیا؟
مئی 2023ء میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس طیارے کا باضابطہ نام ”قآن”رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل یہ منصوبہ TF-Xکہلاتا تھا۔ اس انتخاب کی تین بڑی وجوہات ہیں۔ ایک یہ کہ قدیم ترک اور منگول تاریخ میں ”قآن”دراصل”خاقان” کا مخفف یا جدید ترک تلفظ ہے، جس کا مطلب ”شہنشاہ، بادشاہوں کا بادشاہ یاعظیم حکمران”ہوتا ہے۔ اس نام کا مقصد طیارے کو آسمانوں کا ”بادشاہ” قرار دینا ہے۔ دوسرا یہ کہ ترک ثقافت میں یہ لفظ طاقت، حاکمیت اور وقار کی علامت ہے، جو مستقبل میں ترکیہ کے فضائی دفاع اور ڈرون طیاروں کے غول کی قیادت کرے گا۔ تیسری وجہ یہ بیان کی ہے کہ ترکی اپنے جدید دفاعی ہتھیاروں کے نام اپنی تاریخ و ثقافت سے منسوب رکھتا ہے، جیسے فتح کی علامت ”قزل ایلما”سرخ سیب، عثمانی گھڑ سوار دستوں سے منسوب ڈرون ”آقینجی” اور اناطولیہ کے خطے پر رکھا گیا جنگی بحری جہاز ”انادولو”۔
یونانی حلقوں میں تشویش
رپورٹ کے مطابق یونانی میڈیا اور دفاعی پلیٹ فارم میں ترکیہ کے 2035ء تک کے بڑے دفاعی پیداواری منصوبے پر شدید ردعمل اور حیرت کا اظہار کیا گیا ہے، جسے بحیرہ روم میں فضائی توازن اور روایتی دفاعی تصورات کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز (TUSA)کے جنرل منیجر ڈاکٹر محمد دیمیر اوغلو نے دفاعی صنعت کی صدارت (SSB)کے زیر اہتمام ورکشاپ میں 2035ء تک کے بڑے پیداواری اہداف پیش کیے، جن کی تفصیل یہ ہے۔
جنگی و تربیتی طیارے
150سے زائد پانچویں نسل کے اسٹیلتھ لڑاکا طیارے قآن، 200سے زائد جیٹ حملہ آور و تربیتی طیارے (Hrjet)، اور 150سے زائد ٹیکٹیکل سپورٹ طیارے (Hrku)۔
ڈرونز اور مجموعی فورس
10ہزار سے زائد اسمارٹ ٹیکٹیکل ڈرونز تیار کرنے کا منصوبہ جو سائبر نیٹ ورک کے ذریعے ایک منظم غول کی صورت میں کام کریں گے، جبکہ مجموعی طور پر کم از کم 1,500فضائی و بحری پلیٹ فارمز جن میں 500طیارے، 450جنگی ہیلی کاپٹر اور 550اسٹرٹیجک ڈرون شامل ہیں کا ہدف بتایا گیا ہے۔
دفاعی خودمختاری اور مربوط نظام
حقیقی خودمختاری مغربی انحصار کے بغیر مضبوط مقامی دفاعی صلاحیت سے حاصل ہوتی ہے اور ان فضائی نظاموں کو زمینی کروز میزائلوں اور ”اسٹیل ڈوم القب الفولاذی ”فضائی دفاعی نیٹ ورک کے ساتھ مربوط کیا جا رہا ہے۔



