مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کا مستحسن اقدام

webdesk

October 27, 2026

اطلاعات کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد میں شریک ممالک کا ایک مشترکہ وفد تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقات کے لیے پہنچ چکا ہے جس میں پاک افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ترکیہ کے انٹیلی جنس سربراہ شامل ہیں۔ یہ ملاقات ایران کی قومی دفاعی کونسل کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ ایرانی حکام کے ساتھ ہوگی جس میں خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ اس امکان کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی حالیہ تقریر سے تقویت حاصل ہو رہی ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ عوام کے لیے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں اور اس وقت ایک عام آدمی کے لیے روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر تباہ کن حملوں کی دھمکیوں اور نئی جنگ چھڑنے کے امکانات کے تناظر میں یہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد میں شریک ممالک کی ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات بہت معنویت رکھتی ہے۔ یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیا ایران کی جانب سے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شرکت کا کوئی مطالبہ کیا گیا ہے یا عالمِ اسلام کے تینوں اہم ممالک ایران کو جنگ بندی، امن، مذاکرات اور کسی معاہدے پر قائل کرنے کے لیے ایک آخری کوشش کے طورپر جمع ہو رہے ہیں؟ قرینِ قیاس یہ ہے کہ ایران کے اعلیٰ حکام کو پاکستان کی بات سمجھ آگئی ہے اور وہ داخلی تضادات سے باہر نکل کر موجودہ سیاسی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے جنگ بندی اور مصالحت پر آمادہ ہونے کے لیے تیار ہو چکے ہیں۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور اسرائیل کی جانب سے اس کشیدگی کو ایک بڑی انسانی تصادم میں تبدیل کرنے کی کوششیں واضح کرتی ہیں کہ خطے میں جنگ کس کے مفاد میں ہو سکتی ہے؟ فی الواقع اسرائیلی دہشت گرد جوکہ غزہ میں مسلمانوں کے لہو کو ارزاں جان کر پانی کی مانند بہا چکے ہیں اور مسلم ممالک میں تباہی، ہلاکت، خانہ جنگی اور تصادم ان کی اولین خواہش ہے، مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کو اپنے مفادات کے عین مطابق سمجھتے ہیں کیوں کہ بدامنی، تشدد، خوف و دہشت، انارکی اور مسلمانوں کے شہروں کی بربادی سے ان کے ہدف یعنی گریٹر اسرائیل کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ اگر علاقائی مسلم ریاستوں کے درمیان دفاعی، اقتصادی اور سیاسی نوعیت کا اتحاد پایا گیا تو صہیونی دہشت گردوں کے لیے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل دشوار تر ہوجائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ عسکری لحاظ سے بھی مسلم ریاستوں کو اسرائیل کا من چاہا میدان اسے فراہم نہیں کرنا چاہیے بلکہ باہمی اتحاد کے ذریعے صورت حال کو اسرائیل اور اس کے سرپرست ممالک کے لیے زیادہ سے زیادہ ناموافق رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ صہیونی دہشت گرد مسلم ممالک کو باہمی اختلاف و انتشار میں مبتلا کرکے اور ان کی عسکری قوت کو توڑ کر اپنے لیے میدان کو ہموار کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ اس صورت میں مسلمانوں کی قوت غیر مرتکز ہوجائے گی۔ اس کوشش کا مقابلہ اسی طرح کیا جاسکتا ہے کہ مسلم ریاستیں باہمی معاہدوں میں جڑی رہیں اور دفاع، اقتصاد اور تجارت کے وسیع تر میدانوں میں زیادہ سے زیادہ شراکتیں قائم کی جائیں تاکہ مسلم اتحاد کا ایک سیاسی اور دفاعی مظہر سامنے آسکے۔

عالمِ اسلام کے معروف مفکر ڈاکٹر حمید اللہ مرحوم نے مسلم ریاستوں کے باہمی اتحاد کو خلافت کی مانند ایک مشترکہ مرکز کے قیام سے تعبیر کیا تھا اور مسلم ریاستوں پر باہمی دفاعی اتحاد کی تشکیل پر زور دیا تھا۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی صورت میں یہ پلیٹ فارم وجود میں آچکا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی معاہدہ بدر کے نام سے پاکستان، قطر اور ترکیہ نیز انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ دفاعی صنعت کے قیام پر اتفاق کیا جا چکا ہے۔ مسلم ممالک کے درمیان یہ معاہدے فی الواقع خوش آئند ہیں اور ان معاہدوں کو جلد از جلد عمل میں لانے اور ان کی مدد سے مسلم امہ کو ہر لحاظ سے مضبوط و مستحکم بنانے پر توجہ دی جانی چاہیے جیسا کہ عالمی حالات کا بھی تقاضا ہے۔ غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ مسلم ممالک کے درمیان باہمی اتحاد و اتفاق کے لیے قیادت کے خلوص، دانش مندی و تدبر، حالات سے درست واقفیت اور قومی ترقی کا انتھک جذبہ ہونا اہمیت رکھتا ہے۔ اگر پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور دیگر مسلم ریاستیں اس حوالے سے پیش قدمی کر رہی ہیں تو بلاشبہ یہ ان ممالک کی قیادت کی درست سوچ وفکر کا عملی اظہار ہے۔ ایران کی قیادت کو بھی سوچنا چاہیے کہ وہ مسلم اتحاد سے کنارہ کش ہوکر کس کے عزائم اور خواہشات کی تکمیل کر رہی ہے؟ یہ سعودی عرب اور دیگر علاقائی مسلم ممالک کا خلوص اور دانائی ہے کہ انہوں نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی پراکسی یعنی حوثیوں کے میزائل حملوں کے جواب میں ایران کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ نہیں کیا کیو ں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اپنے ہی خطے کو جنگ کا میدان بنانے کا مطلب دراصل اس ازلی اور عیار ومکار دشمن کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہوگا جو کہ توسیع پسندانہ عزائم کے تحت فلسطینیوں کا مسلسل لہو بہا رہا ہے۔ اسرائیل نے مسلم امہ میں خانہ جنگی، تکفیری نظریات اور مسلمانوں کے خلاف معاندانہ تحریکوں کی سرپرستی، پشت پناہی اور ان کی ترویج و ترقی میں اسی لیے دل چسپی لی ہے کہ اس انتشار و افتراق کی وجہ سے مسلم ریاستوں کو اسرائیل اور اس کے پراکسی گروہوں کی جانب یکسوئی کے ساتھ متوجہ ہونے کا موقع نہیں ملے گا۔ یمن میں حوثیوں کی یلغار سعودی عرب کے لیے بجا طورپر تشویش کا باعث رہی کیوں کہ موقع ملتے ہی ایران نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کو میدان جنگ بنا کر عرب ریاستوں کے خلاف معاشی جنگ کا آغاز کر دیا جس کی وجہ سے پوری دنیا میں مہنگائی کی شدید لہر بھی اٹھی اور خود عرب ریاستوں کو ایرانی پراکسی کے حملوںکا نشانہ بھی بننا پڑا۔

اس وقت مسلم ریاستوںکو اپنی قوت بچانے اور اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف ایک مؤثر اتحاد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ غور کیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ایک جانب سعودی عرب کو ایران کی مدد سے گھیرنے کی کوشش کی گئی ہے تو دوسری جانب عالم اسلام کے بازوئے شمیشر زن پاکستان کو افغانستان کے ذریعے الجھایا گیا لیکن بفضلہ تعالیٰ یہ تمام سازشیں فی الحال ناکا م ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ پاکستان نے امن کے لیے مذاکرات، مصالحت اور معاہدے کا جو منصوبہ پیش کیا تھا، وہ خطے ہی نہیں ایران کے عوام کے حق میں بھی ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد میں شریک ممالک کا پاکستان کے فوجی سربراہ کی معیت میں ایران پہنچنا امن کی نوید محسوس ہو رہا ہے۔ گویا یہ اس امر کا اعلان ہے کہ عالمِ اسلام کے مضبوط ترین ممالک نے پاکستان کی رائے کو اپنی رائے سمجھ کر امن کے لیے مشترکہ صف بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ایرانی قیادت عالم اسلام کے اس مضبوط دفاعی اتحاد کی دعوت پر کس ردعمل کا مظاہرہ کرتی ہے؟