حماس کے ممکنہ حملے کا جھوٹا دعویٰ، اسرائیل نے مغربی کنارے کی مکمل ناکہ بندی کردی

webdesk

October 25, 2026

 تجزیہ کار عرب امور علی ہلال
اسرائیلی قابض فوج نے آج جمعے کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں سکیورٹی کی سخت ناکہ بندی نافذ کردی ہے، بالخصوص الخلیل کے علاقے میں، جہاں شہر کے شمالی داخلی راستے پر دو فلسطینیوں کی فائرنگ سے پانچ اسرائیلی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے، جبکہ فائرنگ کرنے والے دونوں فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل میں پانچ روز بعد عام انتخابات منعقد ہورہے ہیں۔ جس میں نیتن یاہو اور اس کی دائیں بازو کی انتہا پسند اتحادی جماعتوں کو شکست کا خطرہ لاحق ہے۔ جس سے بچنے کے لئے اسرائیلی انتہا پسند وزراء اور میڈیا نے جھوٹا پروپیگینڈا پھیلانا شروع کردیا ہے۔
مغربی کنارے میں رونما ہونے والے واقعے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی حکومت کے انتہا پسند وزیر اتمار بن غفیر نے خبردار کیا کہ مغربی کنارے میں بھی ’’ایک اور 7 اکتوبر‘‘ جیسا واقعہ پیش آسکتا ہے۔ ان کا اشارہ 2023ء میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے غزہ کے اطراف میں اسرائیلی فوجی اڈوں اور یہودی بستیوں پر کیے گئے حملے کی طرف تھا، جسے ’’طوفان الاقصیٰ‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ بن غفیر نے کہا ہے کہ ہمیں مغربی کنارے میں 7 اکتوبر جیسے واقعے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، بلکہ وقت ہاتھ سے نکلنے سے پہلے کارروائی کرنی ہوگی۔انتہا پسند یہودی وزیر مزید کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو ختم، اسلحے سے پاک اور اس کے بقول ’’دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے‘‘ کو مکمل طور پر تباہ کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے الخلیل شہر میں فوری طور پر مکمل ناکہ بندی نافذ کرنے اور آج سے پورے مغربی کنارے میں جامع بندش کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیتن یاہو نے الخلیل میں فائرنگ کے واقعے کے بعد اپنی جماعت کو انتخابی سرگرمیاں منسوخ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی قابض حکام نے جمعہ کو الخلیل میں واقع مسجد ابراہیمی کو مسلمان نمازیوں کے لیے بند کیا۔ اس دوران مسجد کے عملے اور وزارت اوقاف و مذہبی امور سے وابستہ منتظمین کو بھی حرم سے نکال دیا گیا اور انہیں وہاں موجود رہنے سے روک دیا گیا۔
فلسطینی وزارت اوقاف نے ایک بیان میں مسجد ابراہیمی کی بندش اور اس کے عملے کو بے دخل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلامی مقدسات کی حرمت اور آزادیٔ عبادت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جس کی ضمانت بین الاقوامی معاہدے اور قوانین فراہم کرتے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ مسجد کو بند کرنا، وہاں نماز کی ادائیگی روکنا اور عملے کو بے دخل کرنا، فلسطینی مقدسات کو یہودیانے اور ان پر مکمل کنٹرول قائم کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد مسجد کو زمانی اور مکانی طور پر تقسیم کرنا اور اسے اس کی قانونی اسلامی انتظامیہ سے محروم کرنا ہے۔بیان میں زور دیا گیا کہ مسجد ابراہیمی اپنے تمام حصوں، راہداریوں اور صحنوں سمیت خالص اسلامی وقف ہے۔ اس کے خلاف اقدامات اور منصوبے اس کی اسلامی و تاریخی شناخت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
وزارت اوقاف نے مذہبی عملے اور مقدس مقامات کے خلاف مسلسل خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بالخصوص اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اسرائیلی حکام پر دباؤ ڈالنے کے لیے فوری مداخلت کریں، تاکہ اسلامی مقدسات پر سے ان کا کنٹرول ختم ہو اور مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے اقدامات روکے جاسکیں۔موقر عرب جریدے نے اسرائیلی وزراء اور میڈیا کے اس دعوے کی تحقیق کرکے غلط ثابت کردیا ہے جس کے مطابق حماسنے اسرائیل کو 7 اکتوبر جیسے حملے کی دھمکی دی ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق اسرائیلی اخبارات مسلسل ایسی خبریں شائع کررہے ہیں جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حماس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ 7 اکتوبر 2023ء جیسے بڑے حملے کو دوبارہ دہرا سکتی ہے۔ ان خبروں کے مطابق یہ پیغام مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے رامز الاکبروف کے ذریعے پہنچایا گیا، جنہوں نے گزشتہ ہفتے غزہ کا دورہ کیا تھا اور مبینہ طور پر حماس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تھی۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ، بالخصوص اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ نے ان دعوؤں کے لیے اسرائیلی حکومت کے ادارے برائے رابطہ و رابطہ کاری برائے فلسطینی علاقوں کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار کیا۔ ان خبروں میں کہا گیا کہ متعلقہ ادارے نے اس معاملے پر اسرائیلی سیاسی اور عسکری قیادت کو فوری پیغام بھیجا تھا۔اسرائیلی دعوے کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں سے بھی جوڑا گیا، جہاں جنگ بندی کے اعلان کے ایک سال بعد بھی اسرائیل غزہ کی پٹی کے نصف سے زیادہ حصے پر قابض ہے۔تاہم حماس کے ترجمان حازم قاسم نے غزہ میں صحافیوں کو جاری کردہ ایک مختصر بیان میں اس بات کی تردید کی کہ ان کی جماعت نے 7 اکتوبر جیسے حملے کو دہرانے کی کوئی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس جنگ بندی کے معاہدے کی پابند ہے۔حازم قاسم نے ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیاں رکوانے اور جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے اسرائیلی دعوؤں کو تسلیم کرنے اور انہیں انتخابی کشمکش میں استعمال کرنے سے بھی خبردار کیا۔
حماس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے اہلکار کی جماعت کی قیادت سے مبینہ ملاقات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
حماس نے جمعرات کی رات گئے ایک باضابطہ بیان بھی جاری کیا، جس میں کسی بھی حملے کی دھمکی دینے کی تردید کی گئی۔ تاہم بیان میں اقوام متحدہ کے اہلکار سے ملاقات ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔
رامز الاکبروف کے رواں ماہ 11 اور 12 اکتوبر کو ہونے والے دو روزہ دورۂ غزہ کے شائع شدہ شیڈول میں حماس کے کسی عہدیدار سے ملاقات کا ذکر موجود نہیں تھا۔
اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق الاکبروف نے متعدد مقامات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسانی صورت حال کا جائزہ لیا۔ ان مقامات میں بے گھر افراد کے مراکز، متاثرہ خاندان، موسم سرما کے لیے فلسطینیوں کی تیاریاں اور خواتین کی سربراہی میں چلنے والے خاندان شامل تھے۔اس کے علاوہ انہوں نے غزہ شہر میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) کے مرکز میں انسانی امداد سے وابستہ شراکت داروں کے ساتھ ایک ملاقات بھی کی، جس میں امدادی سرگرمیوں اور ان میں موجود خامیوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ’الشرق الاوسط‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے الاکبروف کے دفتر کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنے حالیہ دورے کے دوران حماس کے کسی عہدیدار سے ملاقات نہیں کی۔
اسرائیلی حکام، جن میں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز شامل ہیں، حالیہ دنوں میں بارہا دعویٰ کرچکے ہیں کہ حماس 7 اکتوبر جیسے حملے کرنے کی کوشش کرسکتی ہے۔ان رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کسی بھی نئے حملے کا بھرپور جواب دے گا۔ مبصرین کے مطابق ان بیانات کا مقصد انتخابات پر اثرانداز ہونا ہے۔ اس ضمن میں ایران اور حزب اللہ کا نام بھی لیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی اخبار ’’ہاریتز‘‘ کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے نیتن یاہو اور اسرائیل کاٹز کے حالیہ دعوؤں کی تردید کی ہے۔ ان دعوؤں میں کہا گیا تھا کہ مختلف فریق اسرائیل کے انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے حملوں کی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زامیر نے بھی صرف اتنا کہا کہ فوج انتخابات پر بیرونی اثراندازی کی کسی بھی کوشش سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور ایسی کسی صورت حال میں ضرورت کے مطابق دفاعی اور جارحانہ کارروائیاں کرے گی۔