دماغ میں خارش

فرانس کے وزیر انصاف نے پر تشدد احتجاجی تحریک پر 16 اکتوبر سے 17 نومبر تک کے دوران حکومت، عدلیہ اور پولیس کی کارکردگی کی تفصیلات قومی اسمبلی میں بتائیں۔ وزیر موصوف کے مطابق7ہزار 1 سو 84افرادکو پولیس نے گرفتار کیا، جن میں3 ہزار 53 افراد کے خلاف مقدمات کی کارروائی کی گئی، وزیر کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں ڈھائی ہزار سے زیادہ نابالغ بھی شامل ہیں۔ فوری سماعت کے بعد سینکڑوں کوسزائیں سنائی گئیں، جن میں قید کی سزا بھی شامل ہے۔ ہمارے ہاں پاکستان میں حکومت احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف جب کارروائی کرتی ہے تو اسے بنیادی حق آزادی کے خلاف قرار دیا جاتا ہے۔ صحافی، سول سوسائٹی سبھی کسی نہ کسی شکل میں فسادیوں کے حق بول پڑتے ہیں، عدالتوں سے اگر سزائیں سنائی جائیں تو اس کو ظلم قرار دیا جاتا ہے۔ اور ان سزاؤں کو فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے لکھا گیا حکم کہا جاتا ہے۔ جو عدالتیں رہائی کا حکم دیں انہیں انصاف کا علم بردار مانا جاتا ہے۔

دو سال قبل جب برطانیا میں فسادات کی لہر اٹھی تو چوبیس گھنٹے کھلی رہنے والی عدالتیں قائم کی گئیں، انھوں نے رات دن کی تمیز کیے بغیر مقدمات نمٹائے۔ ہمارے ہاں ملزموں اور مجرموں کے حق میں دہائی دی جاتی ہے کہ رات کے اندھیرے میں سزائیں سنائی گئیں۔ کچھ سزائیں یقینا سیاسی بنیادوں پر بھی ہوتی ہیں، جن پر عدالتوں، حکومتوں اور اداروں کو ضرور غور کرنا چاہیے۔ لیکن جب احتجاجی تحریکیں توڑ پھوڑ کریں، قبریں کھودنے، کفن پہننے، جان لینے اور جان دینے کی دھمکیاں دیں تو ریاست انہیں بھلا کھلا کیسے چھوڑ سکتی ہے، دنیا کے مہذب اور ترقی یافتہ ممالک میں قیام امن پہلی ترجیح ہوتی ہے اور قیام امن کے لیے ان کے ہاں فوری عدالتیں لگتی اور فورا سزائیں دی جاتی ہیں، ہمارے ہاں قیامِ امن کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ سیاسی، قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کے عسکری ونگ اور مسلح جتھے جو مرضی کریں، ان کے خلاف کسی کارروائی کا اختیار حکومت کو ہوتا ہے نہ انتظامیہ کو اور نہ ہی عدالتوں کو۔ ورنہ سب کو اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر چلنے والا قرار دے دیا جاتا ہے۔
٭٭٭

برطانوی جریدے کے مطابق: ہندوستان کے پاس اب 32 رافیل ہیں۔ جب کہ مئی 2025 میں پاکستان کی جانب سے ہندوستان کی مرمت کیے جانے سے پہلے یہ تعداد 36 تھی۔ پاکستان نے ہندوستان کے چھ جہاز گرائے تھے جن میں چار رافیل ہونا بتائے گئے تھے۔ مودی سرکار، سرکار کی افواج نے اپنے نقصان کی رپورٹوں کو یا تو مکمل جھوٹ قرار دیا یا گول مول جواب دیا۔ لیکن آئے دن عالمی اخبارات، میگزین میں شائع مضامین اور تجزیہ کاروں کے تجزیوں سے ہندوستان کے دھول چاٹنے کی گواہی ملتی رہتی ہے۔ بھڑکیں مارنے دھمکیاں دینے میں بھی ہندوستان کی پہلی پوزیشن ہوتی ہے اور دم دبا کر بھاگنے میں بھی پہلی پوزیشن ہندوستان ہی کی ہوتی ہے۔ آج کل پھر مودی سرکار اور ان کی افواج کے سربراہوں اور افسران کے دماغ میں خارش ہونے لگی ہے۔ پاکستان یہ ہندوستانی خارش ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے تیار ہے، ہندوسرکار جب چاہے آواز دے سکتی ہے اسے فوری مدد فراہم کی جائے گی۔ ان شاء اللہ تعالیٰ
٭٭٭

گزشتہ روز بلاول بھٹو نے مخصوص نشستیں اپوزیشن کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا، ان نشستوں کو ان کی پارٹی نے اندھے کی ریوڑیاں جان کر چومتے ہوئے قبول کیا تھا۔ خیر آج الیکشن کمیشن کے ذرائع نے تفصیل بتادی اور یہ ساری تفصیلات پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں پہلے بھی شائع اور نشر ہوتی رہی ہے کہ وہ قواعد اور اصول جن کے تحت سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں دی جاتی ہیں، پی ٹی آئی نے وہ تقاضے پورے ہی نہیں کیے تھے۔ اس لیے اسے نشستیں نہیں دی گئیں۔ تمام نشستیں دوسری کامیاب جماعتوں میں ان کی جیتی گئی عام نشستوں کے مطابق کوٹے کے تحت تقسیم کردی گئیں تھیں۔ سبھی نے محبت سے یہ ہدیہ حق اور مال غنیمت سمجھ کر قبول کیا تھا، آج بلاول بابو کو پی ٹی آئی سے ہمدردی کا بخار چڑھا ہے، اس بخار کا تقاضا تو یہ تھا کہ مخصوص نشستوں پر ان کے جو مردوزن ہیں، انہیں استعفا دینے کا کہا جاتا۔ استعفا اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجا جاتا اور پھر یہ بخار اپنا جوبن دکھاتا۔
٭٭٭

گزشتہ دنوں کچھ صحافیوں، تجزیہ کاروں اور مبصرین کی یہ رائے سامنے آتی رہی کہ ن لیگ صوبوں کے معاملے میں پی پی کے پیچھے چھپ رہی ہے۔ یعنی جو پوزیشن پی پی لے گی، وہی پوزیشن ن لیگ بھی لے گی۔ حالیہ دنوں میں یہ رائے سامنے آئی کہ پی پی ن لیگ کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے کوشاں ہے۔ دوسری جانب نئے صوبوں کی تعداد، ان کی تقسیم، نام، صدر مقام سمیت تفصیلات تھوڑی بہت تبدیلی کے ساتھ سامنے آتی جارہی ہے۔ بنانے کا عمل کیسے ہوگا؟ طریق کار کیا اختیار کیا جائے گا۔ اس پر بھی کچھ اندازے کچھ پیشین گوئیاں کچھ خواہشات سامنے آتی رہتی ہیں۔ رانا ثناء اللہ گول مول باتیں کرتے نظر آتے ہیں جن میں زیر مونچھ مسکراہٹ بھی ہوتی ہے۔ احسن اقبال، ملک محمد احمد خان اور خواجہ آصف سمیت کئی ن لیگی معنی خیز آرا کے ساتھ ساتھ کھل کھلا کر بھی بولنے لگے ہیں۔ محسن نقوی کی آنیاں جانیاں جپھیاں اور بولیاں بھی آئے دن سامنے آتی رہتی ہیں۔ کیا ہوتا ہے کیا نہیں ہوتا۔ کتنا ہوتا ہے کتنا بچتا ہے۔ اللہ جانے!لیکن واقفانِ حال اور باخبر ذرائع کا کہنا ہے: سینٹ کے انتخابات سے سے پہلے یہ ڈول ڈال دیا جائے گا۔ صوبوں کی بابت جو فیصلے ہوں گے، ان کی بابت ذرائع کا دعوی ہے کہ اس بار کی حکومتوں، اسمبلیوں کو نہیں چھیڑا جائے گا۔ یعنی ابھی راوی سب کے لیے عیش ہی عیش لکھ رہا ہے۔ لیکن اگلی باری نئے دستور نئی سرحدوں، نئے صوبوں، انتظامی یونٹ، نئے تقاضوں کو سامنے رکھ دی اور لی جائے گی۔ انتخابات سے پہلے نشستوں کی تعداد سمیت اضافے اور تبدیلیوں کی بابت سارے اعلانات ہو جائیں گے ہر خاص و عام کو خبر ہو جائے گی۔ دعوی کرنے والے تو یہ بھی کہتے سنائی دیتے ہیں بڑے مولانا کی جماعت اور بلاول کی پارٹی بھی ساتھ ہوگی۔