لاہور: حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق نئے اوقات 16 اکتوبر 2026 ء سے 31 مارچ 2027 ء تک نافذ العمل رہیں گے، جبکہ سنگل اور ڈبل شفٹ اسکولوں کے اوقات کار الگ الگ مقرر کیے گئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے نئے اوقات کار 16 اکتوبر 2026 ء سے 31 مارچ 2027 تک نافذ رہیں گے اور سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بج کر 45 منٹ سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سنگل شفٹ اسکولوں میں جمعے کو تدریسی اوقات صبح 8:45 سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔
پنجاب بھر میں ڈبل شفٹ اسکولوں میں صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات صبح 8:45 سے دوپہر 1:15 بجے اور جمعے کو صبح کی شفٹ 8:45 سے دوپہر 12:30 بجے تک جاری رہے گی۔
اسی طرح ڈبل شفٹ اسکولوں کی دوپہر کی شفٹ پیر سے جمعرات دوپہر ڈیڑھ سے شام ساڑھے چار بجے تک اور جمعے کو دوپہر کی شفٹ 2 بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک ہوگی۔
حکومت کی جانب سے پنجاب کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسران کو اسکولوں کے نئے اوقات کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق گرلز اسکولوں کے اوقات میں 15 منٹ کے فرق کو ضلعی حکام ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کر سکیں گے۔
