نادرا کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود نادرا کا لوگو

کون سی سہولت کہاں ملے گی، نادرا گائیڈ چارٹ جاری

نادرا کے تمام صارفین کے لیے ایک اہم اور مفید خبر سامنے آئی ہے جس سے دفاتر کے بلاوجہ چکر لگانے اور لمبی لائنوں میں کھڑے ہونے کی پریشانی ختم ہو جائے گی۔
نادرا نے اپنے صارفین کی سہولت اور وقت کی بچت کی خاطر ایک تفصیلی گائیڈ چارٹ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نادرا کی کون سی شناختی سروس کہاں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
اگر آپ نیا شناختی کارڈ، نائیکوپ یا پی او سی کارڈ بنوانا چاہتے ہیں تو یہ سہولت صرف نادرا رجسٹریشن سینٹرز، موبائل وین، بائیکر سروس، مین پیک اور بین الاقوامی دفاتر پر ہی دستیاب ہے جبکہ پاک آئی ڈی ایپ، ای سہولت یا کیاسک مشین پر نیا کارڈ نہیں بنوایا جا سکتا۔
تاہم اگر آپ کو اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کروانی ہے یا کارڈ گم یا چوری ہونے کی صورت میں دوبارہ بنوانا ہے تو یہ سہولت نادرا کے تمام پلیٹ فارمز بشمول پاک آئی ڈی ایپ، ای سہولت اور کیاسک مشین پر بھی میسر ہے۔ شناختی کارڈ میں کسی قسم کی ترمیم کا عمل نادرا سینٹر، پاک آئی ڈی ایپ، موبائل وین، بائیکر سروس اور بین الاقوامی دفاتر کے ذریعے ممکن ہے۔
اسی طرح نیا ب فارم اور ایف آر سی (FRC) نادرا سینٹرز کے علاوہ پاک آئی ڈی ایپ، موبائل وین اور بائیکر سروس سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ نادرا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جانشینی سرٹیفیکیٹ (Succession Certificate) کا حصول صرف اور صرف نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر ہی ممکن ہے اور یہ کسی آن لائن یا کیاسک پلیٹ فارم پر دستیاب نہیں ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نادرا دفاتر جانے سے قبل پاک آئی ڈی ایپ اور دیگر آن لائن سہولیات کا جائزہ لیں تاکہ ان کا قیمتی وقت بچ سکے۔ کسی بھی مزید معلومات کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 یا ان کی آفیشل ویب سائٹ www.nadra.gov.pk سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔