لاہور: دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں سے ایک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔
دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں شامل پاکستان سپر لیگ کے بارھویں سیزن کی تاریخوں کا اعلان ہوگیا ہے۔ سنسنی خیزی سے بھرپور یہ کرکٹ میلہ اگلے سال 18 مارچ سے 2 مئی سجے گا اور مسلسل دوسری بار 8 ٹیموں کے ساتھ کھیلا جائے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندگان نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں مشاورت کے ساتھ پی ایس ایل 12 کی ونڈو فائنل کی گئی تھی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 میں پہلی بار پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا اور فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں ریکارڈ 32 ہزار 461 تماشائیوں نے براہ راست دیکھا تھا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی۔ گزشتہ سیزن میں سنسنی خیز لمحات اور ریکارڈ کراؤڈ دیکھنے کو ملا اور براڈ کاسٹ کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایک اور شاندار ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کیلئے پُرعزم ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے۔ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے پہلے سے زیادہ پُر عزم ہوں گی۔
پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز اور پلیئر آکشن کا اعلان آئندہ ماہ کیا جائے گا جبکہ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ کی تفصیلات بعد میں جاری ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پشاور زلمی نے 9 سال بعد پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
