امریکی مڈ ٹرم (وسط المدتی) انتخابات سے قبل وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اختیارات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع اور رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے پینٹاگون کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 3 نومبر کو ہونے والے وسط المدتی انتخابات سے پہلے ایران کے خلاف ممکنہ ہدف شدہ حملوں کی منصوبہ بندی کی جائے اور تمام آپریشنل آپشنز تیار رکھے جائیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے فوکس نیوز کو بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ہر وقت تمام آپشنز کھلے ہیں اور ایران کو اب یہ طے کرنا ہے کہ وہ معاملے کو ’آسان راستے سے حل کرتا ہے یا مشکل راستے سے‘۔
ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا کہ اگر ایران نے امریکی شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی یا وہ ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب رہا تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔
انہوں نے کہا ’اگر ایرانی میزائل سان ڈیاگو یا لاس اینجلس جیسے شہروں سے آ ٹکرائے تو دنیا ایک ہولناک منظر دیکھے گی۔ ہم اپنے شہروں اور ملک کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے اور ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔‘
