اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ کار بتا دیا۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنا انتہائی آسان ہے، پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں اور ڈیجیٹل آئی ڈی کو منتخب کریں۔
بیان میں بتایا گیا کہ آپ کی درخواست آپ کے تصدیق شدہ پروفائل کے مطابق پراسیس ہوگی اور ڈیجیٹل آئی ڈی ID Vault میں دستیاب ہو جائے گی، ڈیجیٹل آئی ڈی کیلیے شناخت اور بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہے۔
پاک آئی ڈی کے نئے ورژن کی خصوصیات
نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے نئے ورژن 5.8.0 کی اہم خصوصیات کے ذریعے اب شہری اپنے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے ساتھ شریک حیات اور اہل بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ بھی حاصل کر سکتے ہیں، انہیں محفوظ کر سکتے ہیں اور ضرورت کے وقت شیئر کر سکتے ہیں۔
ب فارم یا شناختی کارڈ منسوخی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرنی ہو تو پاک آئی ڈی میں موجود ’کیو آر کوڈ اسکین کریں‘ کے آپشن سے ڈیجیٹل کیو آر کوڈ اسکین کریں اور تصدیق شدہ معلومات دیکھیں۔
پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن کے ذریعے حج یا عمرہ کیلیے انفلوئنزا اور گردن توڑ بخار کی ویکسینز کیلیے بائیومیٹرک تصدیق بھی آسانی سے مکمل کی جا سکتی ہے۔
