اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی بینیفیشری خواتین کیلیے بینظیر سم حاصل کرنے کا آخری موقع ہے۔
ترجمان بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی وہ تمام بینیفیشری خواتین جنہوں نے تاحال بینظیر سم حاصل نہیں کی وہ جلد از جلد اپنا اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون ہمراہ لے کر قریبی بی آئی ایس پی دفتر تشریف لائیں اور سم حاصل کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ بینظیر سم حاصل نہ کرنے کی صورت میں بینیفیشری خواتین وظائف کی رقم وصول نہیں کر سکیں گی۔
دوسری جانب، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے بیان میں کہا گیا کہ جن بینیفیشری خواتین نے ابھی تک اپنی مفت بینظیر سم حاصل نہیں کی، وہ 30 ستمبر 2026 سے پہلے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے مفت سم ضرور حاصل کر لیں۔
سم ایکٹیویٹ کیسے کریں؟
سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر سم کی ایکٹیویشن بی آئی ایس پی کے دفتر میں متعلقہ موبائل کمپنی کا نمائندہ کرے گا۔
انہوں نے خواتین کو واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ سم لیتے وقت بی آئی ایس پی کے عملے سے کہیں کہ وہ سم آپ کے موبائل فون میں خود ڈال کر دیں۔
