پہلا پاکستانی خلا باز خلائی مشن پر کب روانہ ہوگا؟ تاریخ سامنے آگئی

webdesk

October 18, 2026

پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کی جانب بڑھ رہا ہے، 25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیق میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا، جبکہ نوجوانوں میں سائنسی شعور اور تحقیق کا فروغ ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

نارووال میں ورلڈ اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ 25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ پاکستان نے 2035ء تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلائی تحقیق مستقبل کی ترقی، سائنسی دریافتوں اور انسانی علم کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ قرآن مجید انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، لہٰذا نوجوانوں میں سائنسی تجسس، تحقیق اور علم کے حصول کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم سائنس دان ماضی میں فلکیات اور سائنسی تحقیق میں نمایاں مقام رکھتے تھے، اور پاکستان کو علم و تحقیق کے میدان میں اپنی قیادت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھناہوگا۔