تجزیہ کار عرب امور: علی ہلال
یورپ کے مختلف ممالک میں مہنگائی، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور عوامی خدمات کے معیار میں گراوٹ کے خلاف احتجاجی تحریکوں میں شدت آ رہی ہے۔ کئی مقامات پر مظاہرے پُرتشدد جھڑپوں، توڑ پھوڑ اور لوٹ مار میں تبدیل ہوگئے، جس کے باعث حکومتوں کو بیک وقت سکیورٹی، سیاسی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے۔ 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کا دائرہ پیرس سمیت سات یورپی دارالحکومتوں تک پھیل گیا ہے۔ مظاہرین کے بنیادی مطالبات میں معیارِ زندگی بہتر بنانے، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور مناسب قیمتوں پر رہائش کی دستیابی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ تاہم، ان احتجاجی تحریکوں کے اسباب اور تشدد کی ذمہ داری کے حوالے سے حکومتوں اور سیاسی قوتوں کے مؤقف مختلف ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ بھی ان واقعات کا مختلف زاویوں سے جائزہ لے رہے ہیں۔
فرانس ان احتجاجی تحریکوں کا مرکزی نقطہ بن کر ابھرا ہے، جہاں تعلیمی اداروں کی ابتر صورت حال اور وسائل کی کمی کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک نے مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف ایک وسیع عوامی احتجاج کی شکل اختیار کرلی ہے۔فرانسیسی اخبار لیبراسیون نے 17 اکتوبر کے احتجاج سے نمٹنے کے حکومتی اقدامات کو ناکامی سے تعبیر کرتے ہوئے لکھا کہ مظاہرین کی تعداد حکام کی توقعات سے کہیں زیادہ تھی۔ ملک بھر میں شرکا کی تعداد کے حوالے سے سرکاری اور منتظمین کے اندازوں میں نمایاں فرق سامنے آیا، جہاں وزارتِ داخلہ نے تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ جبکہ منتظمین نے آٹھ لاکھ افراد کی شرکت کا دعویٰ کیا۔اگرچہ مظاہرین کی اکثریت نے پُرامن احتجاج کیا، تاہم متعدد شہروں میں لوٹ مار، توڑ پھوڑ اور آتش زنی کے واقعات پیش آئے۔ ان واقعات نے پولیس کی حکمتِ عملی، نفری کی تعیناتی اور ہجوم کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت پر سوالات کھڑے کردیے۔
اخبار نے واقعات کا جائزہ لیتے ہوئے چار اہم پہلوؤں کی نشاندہی کی ہے پیرس میں احتجاجی مارچ کے لیے منتخب راستے کی موزونیت، آنسو گیس کا قبل از وقت استعمال، سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد اور تشدد میں ملوث گروہوں کی شناخت۔
اخبار کے مطابق بعض مظاہرین اور پولیس امور کے ماہرین نے ہجوم سے نمٹنے کے طریقۂ کار پر تنقید کی، جبکہ پولیس یونین کے بعض عہدیداروں نے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شرپسند عناصر کے مختلف گروہوں نے پُرامن اجتماعات سے فائدہ اٹھا کر تخریبی کارروائیاں کیں۔فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بھی ان واقعات سے انٹیلی جنس اور پیشگی تیاری کے حوالے سے سبق سیکھنے پر زور دیا، جبکہ حکام نے ممکنہ کوتاہیوں کی وضاحت کرنے کا وعدہ کیا۔یوں فرانس میں جاری بحث کا دائرہ احتجاج کے اسباب سے آگے بڑھ کر امن و امان برقرار رکھنے، طاقت کے استعمال کی حدود اور تشدد میں اضافے کی ذمہ داری تک پھیل گیا ہے۔برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ نے احتجاجی تحریک کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا کہ اس کا آغاز گزشتہ ستمبر میں اسکولوں میں وسائل کی کمی کے خلاف ہوا تھا، تاہم بعد ازاں مہنگائی اور سماجی خدمات میں تنزلی سے نالاں دیگر طبقات بھی اس میں شامل ہوگئے۔اخبار نے نشاندہی کی کہ 2027 کے فرانسیسی صدارتی انتخابات قریب آنے کے باعث یہ بحران سیاسی اہمیت بھی اختیار کرچکا ہے۔ دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں اور عوامی مقبولیت کی سیاست کرنے والے بائیں بازو کے بعض حلقوں کو بھی عوامی بے چینی سے سیاسی فائدہ پہنچنے کے امکانات ہیں۔
برطانوی اخبار آئی پیپر نے بھی خبردار کیا کہ فرانس میں تشدد کے مناظر سیاسی تقسیم اور قوتِ خرید میں کمی کے وسیع تر اثرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اخبار کے مطابق خوراک، کرایوں اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، نیز عوامی خدمات پر بڑھتا دباؤ، عوامی غصے کو ہوا دے رہا ہے۔ ان مسائل کے برقرار رہنے سے یورپ میں عوامیت پسند سیاسی قوتوں کو مزید جگہ مل سکتی ہے۔اٹلی میں برطانوی اخبار دی گارڈین نے میلان میں ایک احتجاجی مارچ کی رپورٹنگ کرتے ہوئے بتایا کہ پُرامن طور پر شروع ہونے والا مظاہرہ اس وقت پُرتشدد جھڑپوں میں تبدیل ہوگیا جب نقاب پوش افراد نے پتھراؤ کیا، فٹ پاتھوں کو نقصان پہنچایا اور عارضی رکاوٹوں کو آگ لگا دی۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی توپوں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اطلاعات کے مطابق بعض پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ تقریباً 50 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔اٹلی کی وزیراعظم جورجا میلونی نے تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا حق شہروں کو آگ لگانے یا سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرنے کا جواز فراہم نہیں کرتا۔پرتگال میں عوامی غصے نے نسبتاً مختلف صورت اختیار کی۔ دارالحکومت لزبن کے مرکزی علاقے روسیو اسکوائر میں مظاہرین نے خیمے نصب کرکے کرایوں اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کو روکنے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ احتجاج پورٹو میں شروع ہونے والی رہائش سے متعلق تحریک کا تسلسل تھا۔ اسی دوران ہزاروں افراد نے بہتر اجرتوں، پنشن اور عوامی خدمات کی فراہمی کے مطالبات کے ساتھ بھی مظاہرے کیے۔گارڈین اور اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کی روشنی میں 2015 سے 2024 کے دوران پرتگال میں مکانات کی قیمتوں میں 124 فیصد اضافہ ہوا۔ اس صورت حال نے بالخصوص نوجوانوں اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے رہائش کا حصول مشکل بنا دیا ہے، خصوصاً لزبن جیسے بڑے شہروں میں۔مظاہرین کی گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکس ادا کرکے ملکی معیشت میں حصہ ڈالنے والے افراد کے لیے بھی اپنے گھر کا حصول ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔
فرانسیسی اخبار لو فیگارو نے البانیہ میں وزیراعظم ایڈی راما کے خلاف بڑھتے ہوئے عوامی غصے کو نمایاں کیا ہے۔ طلبہ اور نوجوانوں کی قیادت میں جاری احتجاج کا دائرہ دارالحکومت تیرانا سے باہر بھی پھیل رہا ہے۔اخبار کے مطابق مظاہرین کے مطالبات اب تعلیم اور بدعنوانی کے خلاف اقدامات تک محدود نہیں رہے، بلکہ ان میں کرایوں میں اضافہ، تعلیمی اخراجات اور نوجوانوں کے لیے ملک میں رہ کر بہتر مستقبل بنانے کے محدود مواقع بھی شامل ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس، پانی کی توپوں اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا، جبکہ بعض مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور آتش گیر مواد پھینکا۔گارڈین کے مطابق البانیہ میں جاری احتجاج کا تعلق ایک متنازع سیاحتی منصوبے کے خلاف کئی ماہ سے جاری مخالفت سے بھی ہے۔ بعد ازاں یہ تحریک وسیع تر سیاسی اور سماجی مطالبات کے ساتھ جڑ گئی۔اس طرح البانیہ میں عوامی بے چینی کے اسباب صرف مہنگائی تک محدود نہیں، بلکہ بدعنوانی، ریاستی اداروں پر اعتماد کی کمی اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق خدشات بھی اس میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
بیلجیم کے اخبار دی برسلز ٹائمز کے مطابق وزارتِ دفاع اور وزارتِ داخلہ پولیس کے ایسے تربیت یافتہ اہلکاروں کا ایک ریزرو تشکیل دینے پر بات چیت کررہی ہیں جنہیں فوجی نوعیت کی تربیت حاصل ہو اور شدید ہنگامہ آرائی کے دوران تعینات کیا جاسکے۔یورپی ممالک میں جاری احتجاجی تحریکوں کے پس منظر اور نوعیت میں اختلاف کے باوجود کئی مسائل مشترک ہیں۔ ان میں مہنگائی، رہائش کے اخراجات میں اضافہ، عوامی خدمات کی تنزلی اور عوامی مطالبات کے مقابلے میں حکومتی ردعمل کی ناکافی صورت حال نمایاں ہیں۔بعض ادارے اسے یورپی سپرنگ سے تعبیر کررہے ہیں ۔ فرانس میں تعلیمی اور معاشی مطالبات سیاسی تقسیم کے ساتھ جڑ گئے ہیں، پرتگال میں رہائش کا بحران احتجاج کی بنیادی وجہ ہے، جبکہ البانیہ میں بدعنوانی اور سیاسی مستقبل سے متعلق خدشات زیادہ نمایاں ہیں۔ دوسری جانب بیلجیم میں توجہ ممکنہ بدامنی سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی انتظامات پر مرکوز ہے۔معاشی دباؤ اور سیاسی اداروں پر اعتماد میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو یہ کشیدگی طویل ہوسکتی ہے۔ یورپی حکومتوں کے لیے آئندہ مرحلے میں سب سے اہم امتحان یہی ہوگا کہ وہ عوام کے جائز مطالبات کا جواب دینے اور امن و امان برقرار رکھنے کے درمیان کس طرح توازن قائم کرتی ہیں۔



