رپورٹ: ابوصوفیہ چترالی
ویڈیوز وائرل ہیں کہ دنیا کے سب سے مالدار شخص اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک نے ہوا میں اڑنے والی گاڑی لانچ کر دی۔ اب پرواز کرنے گاڑیوں کا خواب حقیقت بننے کے قریب ہے۔ حالانکہ اس سے قبل کئی اور کمپنیاں کی جانب سے آزمائشی پروازیں ہوچکی ہیں۔ تاہم ہر ماڈل کی ٹیکنالوجی، رفتار، پرواز اور قانونی حیثیت الگ ہے۔ جبکہ کئی منصوبے ابھی تکمیل کے منتظر ہیں۔
دنیا بھر میں گاڑیوں کی صنعت ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے، جہاں سڑکوں پر دوڑنے والی گاڑیوں کو فضا میں اڑانے کا خواب تیزی سے توجہ حاصل کررہا ہے۔ امریکی کمپنی ٹیسلا کی نئی گاڑی ’’روڈسٹر 2‘‘ کے حالیہ مظاہرے نے اس موضوع کو ایک بار پھر عالمی بحث کا حصہ بنا دیا ہے۔ کمپنی کے سربراہ اور دنیا کی سب سے مالدار شخصیت ایلون مسک نے ایسی ٹیکنالوجی پیش کی، جس کے ذریعے گاڑی غیرمعمولی کرتب دکھاتی نظر آئی۔ لیکن کیا واقعی اڑنے والی گاڑیوں کی دوڑ میں ٹیسلا سب سے آگے ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ کئی دوسری کمپنیاں برسوں سے اس میدان میں کام کررہی ہیں اور بعض اپنے ماڈلز کی آزمائشی پروازیں بھی مکمل کر چکی ہیں۔
ٹیسلا روڈسٹر 2:
ایلون مسک نے حالیہ تقریب میں طویل انتظار کے بعد روڈسٹر 2 متعارف کرائی۔ اس منصوبے میں ان کی دوسری کمپنی اسپیس ایکس (SpaceX) کی خلائی ٹیکنالوجی سے متاثر نظام استعمال کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مظاہرے میں گاڑی کو عمودی دیوار پر چڑھتے، الٹی حالت میں چلتے، پھر اچھل کر زمین پر اترتے دکھایا گیا۔ مسک کے مطابق گاڑی میں مرکزی اور اطراف کی سمت دھکیلنے والے نظام شامل ہیں، جبکہ نیچے ہوا کھینچنے کی مخصوص ٹیکنالوجی اسے دیواروں سے چپکنے جیسے کرتب دکھانے میں مدد دیتی ہے۔ تاہم اسے عام معنوں میں اڑنے والی گاڑی قرار دینا ابھی قبل از وقت ہے۔ یہ ایک ابتدائی نمونہ ہے، جس کی حفاظت اور عملی استعمال کے حوالے سے مزید کام درکار ہے۔ خود مسک بھی تسلیم کرچکے ہیں کہ یہ گاڑی دنیا کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر چلانے کے قانونی معیار پر پوری نہیں اتر سکتی۔ ٹیسلا کے اس مظاہرے نے توجہ ضرور حاصل کی، مگر اس کی عملی افادیت پر سوالات بھی اٹھے ہیں۔ معروف ٹیکنالوجی یوٹیوبر مارکوس براؤنلی نے اس تصور کو غیرعملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فی الحال کمپنی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ زیادہ ہے، روزمرہ سفر کے لیے دستیاب حل کم۔ ٹیسلا کی جانب سے روڈسٹر 2 کی پیداوار 2028ء میں شروع کرنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ اس کی قیمت دو لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے۔
ایلیف ایئروناٹکس:
ٹیسلا کے اسی مظاہرے کے روز امریکی کمپنی ایلیف ایئروناٹکس نے بھی اپنی اڑنے والی برقی گاڑی کی ویڈیو جاری کی۔ اس میں گاڑی کو ٹیسلا روڈسٹر کے پہلے ماڈل، سائبرٹرک اور دوسری گاڑیوں کے اوپر سے پرواز کرتے دکھایا گیا۔ یہ محض ایک تصوراتی خاکہ نہیں تھا، بلکہ کمپنی کے مطابق اس کی گاڑی متعدد آزمائشی پروازیں کرچکی ہے۔ ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ گیزموڈو (Gizmodo) کی رپورٹ کے مطابق ایلیف کی گاڑی تقریباً ایک ہزار آزمائشی پروازیں مکمل کرچکی ہے۔ کمپنی کو امریکی وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) سے خصوصی فضائی اجازت بھی ملی ہے۔ تاہم اس اجازت کو ہر قسم کی پرواز یا عام شہریوں کے لیے مکمل تجارتی منظوری نہیں سمجھنا چاہیے۔ ایلیف کی گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ اسے سڑک پر چلانے کے ساتھ فضا میں اڑنے کے لیے بھی تیار کیا گیا ہے۔ یہ برقی موٹروں اور پنکھوں کی مدد سے زمین سے بلند ہوتی ہے اور پھر ہوا میں آگے بڑھتی ہے۔ اس اعتبار سے اس کا طریقۂ کار ٹیسلا کے راکٹ سے متاثر تصور سے مختلف ہے۔ منصوبے کے مطابق اس گاڑی کی باقاعدہ پیداوار 2027ء میں شروع ہوسکتی ہے اور اس کی متوقع قیمت تقریباً تین لاکھ ڈالر ہوگی۔ تاہم ابھی صارفین کو اس کی حوالگی شروع نہیں ہوئی۔ یوں ایلیف نے عملی آزمائشوں میں پیشرفت ضرور کی ہے، مگر صارفین کے لیے اس کی دستیابی ابھی دور ہے۔
سامسن سوئچ بلیڈ:
امریکی کمپنی سامسن اسکائی (Samson Sky) بھی اس میدان میں سرگرم ہے۔ اس نے نومبر 2023ء میں اپنی اڑنے والی اسپورٹس کار ’’سوئچ بلیڈ‘‘ (Switchblade) کی پہلی مکمل آزمائشی پرواز کی۔ کمپنی کے مطابق یہ پرواز تقریباً چھ منٹ جاری رہی اور گاڑی 150 میٹر سے زیادہ بلندی تک پہنچی۔ اس ماڈل کا بنیادی تصور ٹیسلا اور ایلیف سے مختلف ہے۔ سوئچ بلیڈ کے پر اس کے جسم سے باہر نکلتے ہیں اور پھر یہ ہوائی جہاز کی طرح پرواز کرتی ہے۔ اس میں پچھلے حصے میں نصب انجن اسے آگے بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ زمین پر یہ ایک عام گاڑی کی طرح سفر کرسکتی ہے، لیکن اڑان کے لیے اسے مناسب رن وے درکار ہوتا ہے۔ یہی اس کی بڑی حد بھی ہے۔ اسے گھر کے باہر کھڑا کرکے فوراً آسمان میں اڑانا ممکن نہیں، بلکہ محفوظ پرواز کے لیے ہوائی اڈے جیسی سہولت اور تربیت یافتہ پائلٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔ اس لیے اسے ایسی کار کہنا زیادہ درست ہوگا جو ضرورت پڑنے پر چھوٹے طیارے میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
کلائن ویژن ایئر کار:
سلوواکیہ کی کمپنی کلائن ویژن (Klein Vision) نے اس میدان میں ایک اہم سنگ میل جون 2021ء میں عبور کیا تھا۔ اس کی تیار کردہ ’’ایئر کار‘‘ (AirCar) نے سلوواکیہ کے شہر نیترا سے دارالحکومت براتسلاوا تک تقریباً 35 منٹ کی پرواز مکمل کی۔ منزل پر پہنچنے کے بعد اس نے اپنے پر سمیٹے اور سڑک پر چلنے والی گاڑی کی شکل اختیار کرلی۔ اس ماڈل کی خاصیت یہ ہے کہ اس کا جسم روایتی کار جیسا ہے، جبکہ اس کے پر ضرورت کے وقت باہر نکل آتے ہیں۔ یوں یہ زمین اور فضا، دونوں میں سفر کر سکتی ہے۔ دو شہروں کے درمیان پرواز مکمل کرکے سڑک پر چلنے کا مظاہرہ اس تصور کی عملی صلاحیت کا نمایاں ثبوت بنا۔ تاہم ایئر کار کو بھی ہر جگہ چلانے اور اڑانے کی مکمل اجازت حاصل نہیں۔ پرواز کے لیے مناسب رن وے، تربیت یافتہ پائلٹ اور متعلقہ فضائی قوانین کی پابندی ضروری ہے۔ امریکہ سمیت مختلف ملکوں میں اس کی قانونی منظوری اور تجارتی استعمال کے مراحل الگ الگ ہیں۔
پی اے ایل- وی:
نیدرلینڈز کی کمپنی پی اے ایل-وی (PAL-V) نے 2012ء میں اپنی تین پہیوں والی ایسی گاڑی پیش کی جو سڑک پر چلنے کے ساتھ فضا میں بھی پرواز کرسکتی ہے۔ اس کا ڈیزائن عام کار سے مختلف ہے اور یہ جائروپلین (Gyroplane) نامی فضائی سواری کے اصول پر کام کرتی ہے۔ جائروپلین میں اوپر لگا بڑا پنکھا انجن سے براہ راست چلنے کے بجائے ہوا کے بہاؤ سے گھومتا ہے، جبکہ آگے بڑھنے کے لیے الگ نظام استعمال ہوتا ہے۔ پی اے ایل-وی کی گاڑی میں بھی پرواز کے لیے مخصوص جگہ درکار ہوتی ہے۔ اسے کسی مصروف سڑک سے سیدھا اٹھا کر فضا میں لے جانا ممکن نہیں۔ کمپنی نے اس گاڑی کو سڑک اور ہوا کے درمیان سفر کرنے کا ایک متبادل راستہ قرار دیا ہے، لیکن اس کے تجارتی استعمال، حفاظتی تقاضوں اور ترسیل کے معاملات ابھی اہم ہیں۔ کمپنی نے 2028ء میں گاڑیوں کی حوالگی کی توقع ظاہر کی ہے۔
کیا آئندہ ہر شخص کی گاڑی اڑے گی؟
ان تمام منصوبوں کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ’’اڑنے والی گاڑی‘‘ ایک ہی قسم کی ٹیکنالوجی کا نام نہیں۔ بعض ماڈل برقی موٹروں اور پنکھوں سے عمودی پرواز کی کوشش کرتے ہیں، کچھ اپنے پر کھول کر ہوائی جہاز کی طرح اڑتے ہیں، جبکہ ٹیسلا کا روڈسٹر 2 راکٹ سے متاثر نظام اور غیرمعمولی کرتب دکھانے کے تصور کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں کے سامنے کئی بڑے چیلنج موجود ہیں۔ سب سے پہلے حفاظت کا سوال ہے: اگر کوئی گاڑی ہوا میں خرابی کا شکار ہو جائے تو اس کے مسافروں اور نیچے موجود لوگوں کو کیسے محفوظ رکھا جائے گا؟ دوسرا مسئلہ قوانین کا ہے۔ سڑکوں پر گاڑی چلانے اور فضا میں پرواز کرنے کے ضابطے الگ ہیں، اس لیے دونوں کی منظوری حاصل کرنا آسان نہیں۔ اس کے علاوہ قیمت، توانائی کی کھپت، شور، پائلٹ کی تربیت اور پرواز کے لیے مناسب مقامات بھی اہم رکاوٹیں ہیں۔ تین لاکھ ڈالر کے قریب قیمت والی گاڑی فی الحال عام صارف کی پہنچ سے بہت دور ہے۔ شہروں میں عمارتوں، بجلی کی تاروں اور دوسری فضائی سواریوں کے درمیان محفوظ راستے بنانا بھی ایک بڑا کام ہوگا۔ اس لیے ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مستقبل قریب میں ہر شخص دفتر جانے کے لیے اپنی گاڑی اڑائے گا۔ البتہ ایلیف، سامسن، کلائن ویژن اور پی اے ایل-وی کی پیشرفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تصور محض سائنس فکشن تک محدود نہیں رہا۔ اب اصل مقابلہ صرف سب سے پہلے اڑنے کا نہیں، بلکہ ایسی گاڑی بنانے کا ہے جو محفوظ، قانونی، قابلِ اعتماد اور عام استعمال کے لیے موزوں بھی ہو۔ ٹیسلا نے اپنے مظاہرے سے اس دوڑ کو نئی شہرت ضرور دی ہے، لیکن فضائی سفر اور سڑک کی سواری کو یکجا کرنے کی کوششیں اس سے کئی برس پہلے شروع ہوچکی تھیں۔ آنے والے برسوں میں کامیابی اسی کمپنی کے حصے میں آئے گی جو حیرت انگیز مظاہرے کے بجائے حقیقی دنیا میں کارآمد حل پیش کرسکے گی۔



